نوازشریف اور بے نظیر میں سے آئندہ کوئی بھی وزیر اعظم نہیں بنے گا،شیخ رشید،دونوں ایک دوسرے کو استعمال کر رہے ہیں،پیپلزپارٹی کے ساتھ معاہدہ صدر کی شرائط پر ہو گا ،لاہور میں صحافیوں سے گفتگو

پیر 22 جنوری 2007 23:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جنوری۔2007ء) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نوازشریف اور بے نظیر میں سے آئندہ کوئی بھی وزیر اعظم نہیں بنے گا،دونوں ایک دوسرے کو استعمال کر رہے ہیں،پیپلزپارٹی کے ساتھ معاہدہ صدر کی شرائط پر ہو گا ۔ شیخ رشید نے یہ بات لاہور میں ٹیچر ٹریننگ پروگرام میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صدر کا انتخاب عام انتخابات سے پہلے ہو گااور صدر مشرف کو موجودہ اسمبلیاں دوبارہ منتخب کرلیں تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔

انکا کہنا تھا کہ الیکشن سے ایک ڈیرہ ہفتہ قبل اپوزیشن کے استعفوں سے فرق نہیں پڑے گا ،حکومت نے پورا بندوبست کر رکھا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ وہ کاغذات نامزدگی جمع ہونے پر نئے وزیر اعظم کا نام بتا دیں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت کمپنی کی مشہوری کاایک کاغذ ہے جو وقت آنے پر آئی جے آئی بنے گی۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے حکومت کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے لئے پلی بنائی تھی جسے نواز شریف نے بارودی سرنگ سے اڑا دیا ، قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آتے ہوئے ڈرتے ہیں۔

اس لئے ریلوے نے اپنی قیمتی اراضی دوبئی میں نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بے نظیر یہ تاثر دینا چاہتی ہے کہ نواز شریف میرے پرس میں ہے اور نواز شریف یہ تاثر دیتا ہے کہ بے نظیر میری جیب کی گھڑی ہے۔میں بے نظیر اور نوز شریف کومستقبل کا وزیر اعظم نہیں دیکھتا ۔جب نئے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے تو اس دن میں بتا دوں گا کہ نیا کون ہو گا۔