عوام مفرور قیادت کے چکر میں نہ آئیں‘ نواز شریف اور بے نظیر واپس نہیں آئینگے ۔وزیراعلیٰ پنجاب

وہ قوم سے جھوٹ بولتے ہیں‘ صدر مشرف کی وجہ سے ملک میں سیاسی اور جمہوری نظام مستحکم ہوا ہے‘ ماضی کے حکمرانوں نے لاہور کی ترقی پر توجہ نہیں دی‘ چوہدری پرویز الٰہی کا جلسہ عام سے خطاب

اتوار 18 فروری 2007 16:21

لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 18فروری2007 ) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عوام مفرور قیادت کے چکر میں نہ آئیں نواز شریف اور بے نظیر بھٹو وطن واپس نہیں آئیں گے یہ قوم سے جھوٹ بولتے ہیں صدر مشرف کی وجہ سے ملک میں سیاسی اور جمہوری نظام مستحکم ہوا ہے پہلی بار اسمبلیاں اپنی مدت پوری کررہی ہے ماضی کے حکمرانوں نے لاہور کی ترقی پر توجہ نہیں دی ہم نے تمام فنڈز کا رخ لاہور کی طرف موڑ دیا ہے اور اسے مسلم لیگ کا گڑھ بنائیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا پرویز الٰہی نے کہا کہ عوام مفرور قیادت کے دھوکے میں ہرگز نہ آئیں بے نظیر بھٹو اور نواز شریف پاکستان نہیں آئیں گے یہ دونوں قوم سے جھوٹ بولتے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ملک اور عوام سے مخلص نہیں اگر یہ مخلص ہوتے تو کبھی بھی انہیں چھوڑ کر باہر نہ جاتے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ صرف عوام کو گمراہ کررہے ہیں اپنے دور اقتدار میں ان لوگوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی انہوں نے کہا کہ لاہور سے منتخب ہونے والے وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ نے عوام کی ترقی کی طرف کوئی توجہ نہیں دی پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نے تمام فنڈز کا رخ لاہور کی طرف موڑ دیا ہے ہماری خواہش ہے کہ لاہور شہر ترقی یافتہ ہو اور یہ مسلم لیگ کا گڑھ بنے انہوں نے کہا کہ صدر مشرف کی وجہ سے ملک میں سیاسی اور جمہوری نظام مستحکم ہوا ہے ملک کی تاریخ میں پہلی بار اسمبلیاں اپنی مدت پوری کررہی ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ کے امیدواروں کا ساتھ دیں تاکہ ترقی کا یہ عمل جاری رہ سکے انہوں نے مغل پورہ کے لوگوں کے لےء 130بستر کے ہسپتال کا افتتاح کیا اور مختلف منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔