پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا، اب کوئی اس کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، صدر مشرف،جدید ہتھیاروں اور آلات کی بدولت مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، پاکستان جنگ نہیں چاہتا ، اقتصادی ترقی اور طاقت امن کی ضمانت ہے، ڈیٹرنٹ کو مزید تیز بنانے کیلئے کان جاری رکھیں گے، پاک چین دوستی خطے میں امن و استحکام اور ترقی کی ضمانت ہے، صدر مملکت کاتلہ رینج میں فوجی افسروں اور جوانوں سے خطاب و چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران گفتگو

پیر 2 اپریل 2007 20:38

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اپریل۔2007ء) صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا گیا ہے اور اب کوئی بھی اس کی طرف میلی نظر سے نہیں دیکھ سکتا، مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اقتصادی ترقی اور طاقت امن کی ضمانت ہے، ڈیٹرنٹ کو مزید قابل بھروسہ بنانے کیلئے کام جاری رکھیں گے، پاک چین دوستی خطے میں امن و استحکام اور ترقی کی ضمانت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جہلم کے قریب تلہ رینج میں فوجی افسروں او ر جوانوں سے خطاب اور راولپنڈی صدارتی کیمپ آفس میں چینی وزیر خارجہ لی ژوا ژنگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ جہلم کے قریب تلہ رینج میں فوجی افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا گیا ہے اور اب کوئی اس کی طرف میلی نظر سے نہیں دیکھ سکتا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج انتہائی جدید ہتھیاوں او رالات کی بدولت پاک فوج کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ صدر مشرف نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اقتصادی ترقی اور طاقت امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس اس وقت ڈیٹرنٹ پہلے سے کہیں زیادہ قابل بھروسہ ہے اور اسے مزید بہتر بنانے کیلئے اس پر کام جاری رکھیں گے۔

پرویز مشرف نے تلہ رینج میں فوجی افسروں اور جوانوں سے خطاب کے دوران کہا کہ فاٹا اور بلوچستان میں پاک فوج ، ایف سی اور دیگر سیکیورٹی کے اہلکاروں کی کارکردگی قابل تحسین ہے۔ جبکہ راولپنڈی میں صدارتی کیمپ آفس میں چینی وزیر خارجہ لی ژوا ژنگ سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے ۔ چین خطے کا انتہائی اہم ملک ہے اور پاکستان چین کے ساتھ اپنی دوستی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین بین الاقوامی اور علاقائی امن و سلامتی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ صدر مشرف نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں چین کے تعاون سے شروع کئے گئے منصوبوں خصوصاً گوادر پورٹ پروجیکٹ اور جے ایف 17تھنڈر لڑاکا طیاروں کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ یہ مضبوط پاک چین دوستی کی تابندہ مثال ہے۔ اس موقع پر چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کو پاکستان کے ساتھ دوستی پر فخر ہے اور چین پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے اور خطہ اقتصادی طور پر مستحکم ہو اس موقع پر صدر نے چین کے وزیر خارجہ کو پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز ہلال پاکستان پیش کیا۔