پاکستان کے سماجی شعبہ میں ترقی اور اصلاحاتی ایجنڈا کی کامیابی میں جاپان کی مالی اور تکنیکی معاونت کا بڑا اہم کردار ہے ، وزیراعظم شوکت عزیز،وزیر اعظم سے جاپان کی بین الاقوامی تعاون کی تنظیم (جیکا) کے نائب صدر کی ملاقات

جمعہ 6 اپریل 2007 21:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اپریل۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ جاپان کی خاص طورپر اوورسیز ڈویلپمنٹ معاونت کے ذریعے ٹیکنیکل اور مالی امداد کا پاکستان میں سماجی شعبہ میں ترقی اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈا کی کامیابی میں بڑا اہم کردار ہے انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی جیکا کے سینئر نائب صدر اتسوشی ہتاکینکاکا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہی ، جنہوں نے وزیر اعظم سے یہاں ملاقات کی ، وزیر اعظم نے پاکستان میں جیکا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جیکا پاکستان اور جاپان کے عوام کو آپس میں ملانے کیلےء پل کا کردار ادا کررہی ہے اور اس نے پاکستان اور جاپان میں علم اور مختلف تجرباتی علوم کے تبادلہ جات میں بڑا اہم کردار ادیا کیا ہے وزیر اعظم نے جیکا کے نائب صدر اتسوشی ہتاکینکا کا کو بتایا کہ پاکستان ، ڈی ریگولیشن نجکاری اور آزادانہ پالیسیوں کے باعث تیزی سے اقتصادی معاشی اور صنعتی شعبہ میں ترقی کررہا ہے اور یہاں پر بیرونی ممالک کی ریکارڈ سرمایہ کاری ہو رہی ہے ، وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی کامیابیوں اور ملک کو درپیش چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کرنے پر فخر ہے ، وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے منفرد جغرافیائی سٹرٹیجک محل ووقوع کے باعث خطہ میں امن واستحکام کیلئے کردار ادا کررہاہے ، وزیر اعظم نے سڑکوں ، پانی اور بجلی کی پیداوار جیسے منصوبوں میں جاپان کی مالی امداد کو سراہا وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران پاکستان اور جاپان کے مابین دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں آزادانہ تجارت کے معاہدہ سے بڑی مدد ملے گی ، ملاقات کے دوران جاپان کی بین الاقوامی تعاون کی تنظیم جیکا کے نائب صدر اتسوشی ہتا کینکا کا نے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور معیشت کی بحالی کو سراہا ، اس ملاقات میں اقتصادی امور کی وزیر مملکت مس حنا ربانی کھر اور پاکستان میں جاپان کے سفیر سیجی کوجیما بھی موجودتھے ۔