سپریم کورٹ کے ججز گیٹ پر وکلاء کو روکنے کا مقصد چیف جسٹس کو روکنا ہے ۔اعتزاز احسن

جمعرات 3 مئی 2007 13:10

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار03 مئی2007) چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے وکیل اور پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ 3مئی کو کونسل کی سماعت سے پہلے سپریم کورٹ کے ججز گیٹ پر وکلاء کو روکنا چیف جسٹس کو روکنا ہے‘اس سلسلے میں الگ احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز تین مئی کو کونسل کی سماعت میں پیش ہونے کے لئے پچیس منٹ پہلے ججز گیٹ پر پہنچ گئے تھے لیکن سپریم کورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے کہ وکلاء کو بلڈنگ کے اندر نہیں جانے دیا جائے انہوں نے کاہ کہ رجسٹرار نے وکلاء کو نہیں بلکہ چیف جسٹس کو روکا ہے اس کے لئے ہم الگ احتجاج کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کونسل میں ہمیں تاخیر سے آنے کے لئے بار بار کہا جاتا ہے لیکن ہم گزشتہ روز جمعرات کو وقت سے پچیس منٹ پہلے آگئے تھے لیکن ہمیں روک لیا گیا جس کی وجہ سے کونسل میں تاخیر ہوگئی انہوں نے کہا کہ پانچ مئی کو چیف جسٹس لاہور بذریعہ روڈ ضرور جائیں گے اور جو کہتے ہیں کہ چیف جسٹس کو بذریعہ ہوائی جہاز بھیجا جائے وہ ہم نہیں کرسکتے کیونکہ ہمارے ساتھ ہزاروں وکلاء اکٹھے ہوں گے انہوں نے کہا کہ گیارہ بجے کونسل نے ہمیں دلائل مکمل کرنے کی ہدایات دی ہیں لیکن ہمیں سمجھ نہیں آتی کونسل ہمیں دلائل جلد دینے کے لئے کیوں کہہ رہی ہے۔