منیر اے ملک کے دفتر کو سیل کر کے انتقامی کارروائی کی گئی ، رضا ربانی،پی سی بی کا آئین نہ ہونے کی وجہ سے قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں ہار گئی

بدھ 9 مئی 2007 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مئی۔2007ء) سینٹ میں قائد حزب اختلاف میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے وکیل منیر اے ملک کے دفتر کو سیل کر کے انتقامی کارروائی کی گئی ہے، ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ہار نے کی وجہ سے پی سی بی کا آئین نہ ہونا ہے اور سینیٹر انور بیگ نے اس کے خلا ف پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگایا ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کی شام سینٹ اجلاس میں نکتہ اعتراض پر میاں رضا ربانی نے کہاکہ کرکٹ بورڈ کا آئین نہ ہونے کے خلاف پی پی پی کے سینیٹر انور بیگ احتجاج کر رہا ہے اور انہوں نے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگایا ہے او رآئین کا نہ ہونا ورلڈ کپ میں کرکٹ ٹیم نے ہارنے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاو رمیں سابق ایم پی اے قمر عباس کو قتل کیا گیا ہے وہ ہمارے کارکن تھے اور اس کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں بلڈنگ اتھارٹی نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور چیف جسٹس کے وکیل منیر اے ملک کے دفتر کو سیل کر دیا ہے اس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور یہ انتقامی کارروائی ہے۔