Live Updates

تحریک انصاف نے الطاف حسین کیخلاف برطانیہ کے وزیر اعظم کے دفتر میں پٹیشن دائر کر دی ،سیاہ رات کے بعد سویرا آنے والا ہے ،پاکستان میں عدلیہ جلد آزاد ہونیوالی ہے ، عمران خان

اتوار 3 جون 2007 22:43

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3جون۔ 2007ء) پاکستان تحریک انصاف نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کیخلاف برطانیہ کے وزیر اعظم ٹونی بلیئر کے دفتر واقع ٹنڈوونگ (Tondowing)میں پٹیشن دائر کر دی ہے ۔ پی ٹی آئی کے دفتر سے جاری ریلیز کے مطابق تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے لندن سے تحریک انصاف پنجاب کے جنرل سیکرٹری محمد امین ذکی سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ( یوکے ) کے ممبران نے بھاری تعداد میں ٹنڈوونگ سٹریٹ کے سامنے مظاہرہ کیا ،مظاہرے کے بعد جاوید اقبال، عمر سرفراز چیمہ ، اکرم دریجہ، شاہد دستگیر خان، مصدق خان نے ٹنڈوونگ سٹریٹ میں برطانیہ کے وزیر اعظم ٹونی بلیئر کے دفتر میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف پٹیشن دائر کروائی ۔

انہوں نے بتایا کہ الفورڈ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر مقررین نے ایک جلسے عام سے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے جلسے کے بعد یو کے ، بیلجیم او ریورپ کے دوسرے شہروں سے آئے ہوئے وفود سے ملاقاتیں کیں اور وفود میں شامل تمام لوگوں نے عمران خان کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ میں پاکستانی عوام اور بیرون ملک پاکستانیوں کا بیحد مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا اور میں انشا اللہ انکے اعتماد پر پورا اتروں گا ۔

انہوں نے کہا کہ انشا اللہ پاکستان میں عدلیہ جلد آزاد ہونیوالی ہے اور اس پر شب خون مارنے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف عدلیہ کی آزادی، قانون اور آئین کی بالادستی کیلئے وکلاء کی جدوجہد میں شانہ بشانہ چلتے رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی کو سلب کرنے والوں کو چاہیے کہ وہ میڈیا کو آزادی دیں ایک طرف تو حکومت یہ کہتے نہیں تھکتی کہ میڈیا آزاد ہے اور دوسری طرف میڈیا پر طرح طرح کی پابندیاں لگائی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اب سیاہ رات کے بعد سویرا آنے والا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات