آئندہ بجٹ سے ملازمین، مزدوروں اور عام آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچے گا، وزیراعظم شوکت عزیز،موجودہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور آئندہ عام انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے، شوکت عزیز کی ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعہ 8 جون 2007 22:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جون۔2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ سے سرکاری ملازمین، مزدوروں اور عام آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچے گا اور اس سے ملک میں ترقی کی رفتار میں تیزی آئے گی، موجودہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور آئندہ عام انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں ایم کیو ایم کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات کے دوران بجٹ اور ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ سے سرکاری ملازمین، مزدوروں اور عام آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچے گا اور اس سے ملک میں ترقی کی رفتار میں تیزی آئے گی۔ ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور آئندہ عام انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے وفد نے مجموعی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ جبکہ ملاقات کے بعد ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیئر اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے بتایا کہ متحدہ کے وفد نے وزیراعظم شوکت عزیز سے ملاقات میں 25 نکاتی بجٹ مطالبات پیش کر دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا مطالبہ ہے کہ بجٹ پاس ہونے سے قبل کراچی میں بجلی کا بحران حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرا مسئلہ ہم نے مہنگائی کا اٹھایا ہے جس میں گھریلو استعمال کی گیس اور پٹرولیم کے نرخ کم کرنے کا مطالبہ کیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ ایک عام آدمی کی کم از کم تنخواہ 5 ہزار اور اراکین قومی اسمبلی کے سالانہ فنڈ میں اضافے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔