اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی۔ وزیراعظم۔۔آئندہ عام انتخابات وقت پر ہوں گے، مسلم لیگ اور اتحادی جماعتیں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن میں حصہ لیں گی، شوکت عزیز کی شجاعت حسین اور سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو۔تفصیلی خبر

بدھ 25 جولائی 2007 17:07

اسلام آباد (ٍاردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین25 جولائی2007) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور آئندہ انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔ مسلم لیگ اور اتحادی جماعتیں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ الیکشن میں حصہ لیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور سیکرٹری سپیکر قومی اسمبلی چوہدی امیر حسین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کی صبح یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، ملک میں مجموعی سیاسی صورتحال اور نئے دارالعلوم پروگرام سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر قومی اسمبلی میں چیف وہپ نصر اللہ دریشک بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران مجموعی سیاسی صورتحال کے علاوہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس دوران وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا کہ یہ ہر پاکستانی کے لئے فخر کی بات ہے کہ کسی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کریں گی اور انتخابات وقت پر ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اور اس کی اتحادی جماعتیں آئندہ الیکشن اپنی کارکردگی کی بنیاد پر لڑیں گی اور وہ اس میں کامیابی حاصل کریں گی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں کے دوران پارلیمنٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور پارلیمنٹ کے امور میں حکومتی اور اپوزیشن بنچز کے کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اب تک حکومتی اور اپوزیشن پارلیمنٹیرینز کے درمیان جس طرح ماضی میں تعاون رہا ہے آئندہ بھی یہ تعاون جاری رہے گا تاکہ پارلیمنٹ قانون سازی کا عمل مؤثر طریقے سے مکمل کرسکے اور اس قسم کے تعاون سے جمہوریت منظم اور پارلیمانی روایات مستحکم ہوں گی جبکہ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے شرکاء کو سابق افغان بادشاہ ظاہر شاہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے دورئہ کابل کے حوالے سے بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ بدھ کو پوری قوم ظاہر شاہ کی موت پر اظہار غم کیلئے یوم سوگ منار ہی ہے جبکہ ملاقات کے دوران چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے اعلان کردہ دارالعلوم پروگرام کے ذریعے ملک بھر میں بچوں کو پیشہ ورانہ اور مذہبی تعلیم بہتر طریقے سے فراہم ہو سکے گی۔