سوات‘ویڈیو فلموں کی مارکیٹوں میں بم دھماکے‘40 دکانیں تباہ ‘ پولیس چوکی پر فائرنگ

جمعہ 7 ستمبر 2007 11:11

سوات(ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07ستمبر2007) سوات میں ویڈیو فلموں کی 2 مارکیٹوں میں بم دھماکوں سے 40دکانیں تباہ ہوگئیں‘ جبکہ نامعلوم مسلح افراد کی نواں کلے پولیس چوکی پر فائرنگ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح ساڑھے چار بجے مدین روڈ پر مینا بازار کے قریب وڈیو فلموں کی دو مارکیٹوں میں دو طاقت ور بم ایک ساتھ پھٹے جن کی آواز شہر بھر میں سنی گئی۔

دھماکوں سے چالیس دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں ۔ تباہ ہونے والی دکانوں میں سے چوبیس وڈیو فلموں کی اور باقی دکانیں دیگر اشیا کی تھیں۔

(جاری ہے)

دھماکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ کئی دن پہلے دو مبینہ مقامی طالبان نے مینا بازار کے چوکیدار کو دھمکی دی تھی کہ وہ نوکری چھوڑ دے کیونکہ فحاشی کا یہ اڈہ تباہ کردیا جائے گا۔ اس دھمکی کی اطلاع پولیس کو بھی دی گئی تھی۔

اس سے پہلے مٹہ میں بھی ویڈیو فلموں کی مارکیٹ بھی بم دھماکے سے تباہ کردی گئی تھی۔ ادھر مینگورہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں نواں کلے چوکی پر نامعلوم مسلح افراد نے شدید فائرنگ کی جس سے عمارت کو نقصان پہنچا ،تاہم پولیس اور ایف سی کے اہل کاروں نے بھی جوابی کارروائی کی ، جس پر حملہ آور فرار ہوگئے۔واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

متعلقہ عنوان :