بنوں خود کش حملہ،4 پولیس اہلکار،3 خواتین سمیت 16 افراد جاں بحق، 25زخمی۔فرنٹیئر کانسٹیبلری کے قلعے پر سینکڑوں افراد کا حملہ ، 35 اہلکاروں کو اغوا کرلیا گیا۔اپ ڈیٹ

پیر 1 اکتوبر 2007 16:51

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2007ء) بنو ں میں خود کش حملے کے نتیجے میں چار پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوگئے یہ خود کش حملہ بنوں کوہاٹ روڈ پر واقع درانی چوک کے مقام پرکیا گیا جہاں پر ناکہ بندی کے دوران پولیس اہلکاروں نے ایک چنگ چی رکشے کورکنے کااشارہ کیا چنگ چی رکشہ جونہی پولیس اہلکاروں کے نزدیک پہنچا تو ایک زور دار دھماکہ ہوا جس سے چنگ چی میں سوار افراد چار پولیس اہلکاروں سمیت16 افرا د جاں بحق ہوگئے جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں دھماکے سے چوک میں موجود کئی دکانیں تباہ ہوگئیں اور دیگر کئی افراد بھی جاں بحق ہوگئے جبکہ کئی سٹوڈنٹس اوراساتذہ بھی زخمی ہوگئے دھماکے سے چنگ چی کے ٹکڑے دور دور تک بکھر گئے دھماکے کے فوراً بعدپولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

(جاری ہے)

بنوں خود کش حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد میں سے کئی افراد کی شناخت تاحال نہ ہوسکی جاں بحق ہونے والوں میں ہیڈ کانسٹیبل گل اسلم ،کانسٹیبل آدم خان مروت ،کانسٹیبل زکران اور کانسٹیبل عنایت اللہ شامل ہیں دیگر افراد میں زرنواز، گل شیر،ریاض عاطف اور سکول ٹیچر مسماة شامل ہیں جبکہ خود کش حملہ آور سمیت چار افراد کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور کا اصل ٹارگٹ خلیفہ گلنواز میموریل ہسپتال تھا مگر وہاں کی سیکورٹی پر مامور اہلکاروں نے اسے اندر نہ جانے دیا جس کے بعد وہ چنگ چی رکشے میں بیٹھ کر بنوں سٹی کی جانب روانہ ہوا تاہم پولیس کو اس مشکوک انداز کی پہلے ہی سے اطلاع مل چکی تھی اور درانی چوک کے مقام پر ناکہ بندی کے دوران خود کش حملہ آور نے اپنے آپ کو دھماکہ سے اڑادیا ضلع بنوں ڈی آئی جی بنوں اور ڈی پی او بنوں نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور ہسپتال میں مریضوں کی خیریت دریافت کی دھماکے کے دوران زخمی ہونے والوں میں کانسٹیبل عثمان ،سید احمد خان،سید نواز،رضا ء اللہ ،محمد قاسم،عباس خان،صفت اللہ ،عیسی خان،محمد علی خان،عبدالقیوم ،اسداللہ ،ریاض مسیح ،شمشاد اختر،رؤف علی شاہ ،عارف ،زبیر نواز،عبدالنواز،نصیب علی،یوسف آصف خان،نذیراللہ ،ناصر محمود،نسیم اللہ ،صورت خان اور صالح جان شامل ہیں خود کش حملے میں جاں بحق ہونے والے مزید دو خواتین میں ایک خاتون انجمن تاجران بنوں کے جنرل سیکرٹری حاجی محمد رفیق کی بیوی مسماة اور پوتی شامل ہیں شدید زخمی چار افراد کو پشاور میں منتقل کردیاگیا۔

صوبہ سرحد کے شہر بنوں میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے قلعے پر حملہ کرکے 35 اہلکاروں کو اغوا کرلیا گیا ہے ۔ سرکاری حکام نے واقعے کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ اہلکاروں سے رابطہ منقطع ہے اس لئے ان کے اغوا کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سینکڑوں مسلح افراد نے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے روچہ قلعے پر حملہ کیا ۔ اس دوران سیکیوریٹی فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی تاہم مسلح افراد 35 سے زائد اہلکاروں کو اغوا کرکے لے گئے ۔

متعلقہ عنوان :