پشاور ہائی کورٹ میں چھ اکتوبر کو وکلاء پر پولیس تشدد کے ازخود نوٹس کے تحت مقدمے کی سماعت ۔۔۔۔ پولیس کو سیکورٹی پلان اور تحریری بیان داخل کرنے کی ہدایت

منگل 9 اکتوبر 2007 15:44

پشاور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07اکتوبر2007) پشاور ہائی کورٹ نے چھ اکتوبر کو وکلاء پر پولیس تشدد کے ازخود نوٹس کے تحت مقدمے کی سماعت کے دوران پولیس کو چھ اکتوبر کا سیکورٹی پلان اور تحریری بیان داخل کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد سماعت کو اٹھارہ اکتوبر تک ملتوی کردیا گیا ہے ۔ چھ اکتوبر کو وکلاء پر تشدد کے مقدمے کی سماعت چیف جسٹس طارق پرویز خان اور جسٹس سلیم خان پر مشتمل بنچ نے کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران چیف کیپیٹل پولیس پشاور عبد المجید مروت، ایس پی کینٹ اعجاز خان اور اے ایس پی عبد الغفار قیصرانی عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے وکلاء کو واقعے سے متعلق حلفیہ بیانات جمع کرانے جبکہ دو ٹی وی چینلز کو واقعے کی فوٹیج فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ چھ اکتوبر کاسیکورٹی پلان اور اس حوا لے سے تحریری بیانات سترہ اکتوبر تک داخل کرا دیں ۔