اداکار سلمان خان کی کار نے پولیس کانسٹیبل کو ٹکر مار کر زخمی کر دیا

منگل 13 نومبر 2007 13:14

ممبئی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار13 نومبر2007) بالی وڈ کے اداکار سلمان خان کی کار نے پولیس کانسٹیبل کو ٹکر مار کر زخمی کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وسطی ممبئی کے علاقہ ورلی میں ایک پولیس کانسٹیبل کو ایک کار جس کو مبینہ طور پر کناڈا کی ایک ماڈل چلا رہی تھی اور اس کیساتھ بالی وڈ کے اداکار سلمان خان بھی بیٹھے ہوئے تھے نے ٹکر مار کر زخمی کر دیا ۔

جوائنٹ کمشنر پولیس مسٹر کے ایل پرساد کے مطابق اخبار میں شائع فوٹو سے پتہ چلتا ہے کہ سلمان خان اس کار میں سوار تو تھے لیکن وہ یہ کار چلا نہیں رہے تھے جیسا کہ وہاں متعین پولیس والوں کے مطابق اخباری اطلاع میں کہا گیا ہے کہ ماروتی سوفٹ کار نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر دیدی جو پولیس کانسٹیبل کو جا لگی اور وہ زخمی ہو گیا ۔ اداکار سلمان خان کے وکیل مسٹر بیپیش مہتا نے بتایا ہے کہ نہ تو سلمان خان گاڑی چلا رہے تھے اور نہ ہی ان کی گاڑی نے کسی کو ٹکر ماری ہے بات اتنی ہے کہ سلمان خان اسی روڈ پر جا رہے تھے اور انہوں نے اپنی کار سے اتر کر زخمی کی مدد کی تھی ۔

(جاری ہے)

ایک سینئر پولیس عہدیدار کے مطابق لوگوں نے اس ماڈل کو پکڑ لیا اور ہم نے سلمان سے درخواست کی کہ وہ فوری وہاں سے چلے جائیں کیونکہ اس اطلاع پر ہجوم بڑھ رہا تھا کہ سلمان خان وہاں موجود تھے ۔ اس پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ماڈل خاتون کے پاس ڈرائیونگ کا بین الاقوامی لائسنس ہے اور اس گاڑی کا مالک اس خاتون کا آجر ہے ۔