امریکہ میں عالمی صحافتی تنظیموں کا پاکستان میں صحافیوں پر پولیس تشدد اور گرفتاریوں کی شدید مذمت

بدھ 21 نومبر 2007 15:41

نیو یارک (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار21 نومبر2007) امریکہ میں عالمی صحافتی تنظیموں نے پاکستان میں احتجاج کرنے والے سینکڑوں صحافیوں پر پولیس تشدد اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔ نیویارک میں صحافیوں کی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس یا سی پی جے نے صدر جنرل پرویز مشرف کے ہاتھوں نافذ کی گئی ایمرجنسی کے نتیجے میں میڈیا پر پابندیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے سینکڑوں صحافیوں پر پولیس تشدد پر سخت غصے کا اظہار کیا ہے۔

سی پی جے کے ایگزیکٹیو ڈائیریکٹر جوئیل سائمن نے کہا ہے کہ مشرف حکومت میڈیا پر کنٹرول رکھنے کی اپنی تمام کوششیں ترک کردے کیونکہ پاکستان میں رونما ہونیوالے واقعات پوری میڈیا کوریج کا تقاضا کرتے ہیں۔ سی پی جے کے سربراہ نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں پریس کی آزادی کے متعلق بدترین خدشات درست ثابت ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکہ میں پاکستانی صحافیوں کی نو زائدہ تنظیم کولیشن آف پاکستانی جرنلسٹس نے بھی کراچی میں صحافیوں پر تشدد اور انکی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔

تنظیم نے پاکستان میں صحافیوں اور پریس کی آزادی پر قدغن اور ریاستی تشدد کے بارے میں امریکی صحافیوں اور واشنگٹن میں اراکین کانگرس و سینٹ کو آگاہ کرنے کی مہم شروع کررہے ہیں۔ کولیشن آف پاکستانی جرنلسٹس نے نجی ٹی وی چینلز جیو اور اے آر وائی پر پاکستانی فوجی حکومت کے کہنے پر متحدہ عرب امارات کیطرف سے پابندی کی مذمت کی اور ان چینلز پر پابندی فوری طور پر اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :