جعلی پولیس مقابلہ کیس‘ میاں شہباز شریف کی ضمانت قبل ازگرفتار منظور کر لی گئی

جمعرات 6 دسمبر 2007 11:08

جعلی پولیس مقابلہ کیس‘ میاں شہباز شریف کی ضمانت قبل ازگرفتار منظور ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 06 دسمبر2007 ) لاہور میں انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے جعلی پولیس مقابلہ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما میاں شہباز شریف کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظور کر لی ہے۔عدالت نے اس مقدمے میں شہباز شریف کو مفرور قرار دے کے ان کی دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے تاہم جمعرات کو شہباز شریف عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور’سرنڈر‘ کر دیا۔

اس موقع پر شہباز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے ضمانت کی درخواست پیش کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ ان کا موکل بیرونِ ملک تھا اور اس کے پاکستان آنے پر پابندی تھی اور اب جبکہ وہ پاکستان آیا ہے تو عدالت کے سامنے پیش ہو گیا ہے اس لیے اس کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔ استغاثہ کے وکیل آفتاب باجوہ نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو پاکستان آئے دس دن ہونے کو ہیں اور چونکہ وہ تاخیر سے عدالت کے سامنے پیش ہوئے ہیں اس لیے ضمانت کا استحقاق نہیں رکھتے۔

(جاری ہے)

تاہم فاضل جج نے8 دسمبر تک شہباز شریف کی ضمانت منطور کرتے ہوئے پولیس کو انہیں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا۔ شہباز شریف پر یہ مقدمہ 1998 میں ان کی وزارتِ اعلی کے دور میں ایک جعلی پولیس مقابلے میں پانچ نوجوانوں کی ہلاکت کے قریباً تین برس بعد 2001 میں لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر درج ہوا تھا اور اس کے مدعی ہلاک شدگان میں سے ایک کے والد سعید الدین ہیں۔

اس مقدمے کے دوران 2003 میں عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے پر شہباز شریف کو مفرور قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ تاہم شہباز شریف کے بیرونِ ملک ہونے کی وجہ سے انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکا تھا۔25 نومبر کو پاکستان آمد کے بعد مدعی سعید الدین نے عدالت میں دوبارہ درخواست دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اب جبکہ شہباز شریف پاکستان میں ہیں تو پولیس انہیں کیوں گرفتار نہیں کر رہی۔ اس پر عدالت نے پولیس حکام کو نوٹس جاری کیے تھے۔