نواز شریف کا انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔سعودی سفیر۔۔۔عرب ممالک کے سفیرپاکستان میں استحکام کیلئے سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کررہے ہیں،صحافیوں سے گفتگو

منگل 11 دسمبر 2007 16:49

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 11 دسمبر2007 ) پاکستان میں متعین عرب ممالک کے سفیروں کے گروپ کے ڈین سعودی عرب کے علی عواض العسیری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی طرف سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔ سیاسی قوتوں کے الیکشن میں حصہ لینے سے پاکستان میں استحکام آئے گا ،منگل کو مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین اورجنرل سیکرٹری مشاہد حسین سید سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ ہم نے چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات سے قبل بینظیر بھٹو ، نواز شریف اور فضل الرحمن سے ملاقات کی ہمارا ایجنڈا پاکستان میں سیاسی استحکام ہے ، پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں نے انتخابات میں حصہ لینے کا درست فیصلہ کیا ہے ، بالخصوص نواز لیگ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ،انہوں نے بتایا کہ عرب سفیروں نے مسلم لیگ ق کی قیادت سے ملاقات کے دوران اسرائیل اور فلسطین کے معاملے پر زیادہ تفصیل سے بات کی اور ق لیگ کا موقف معلوم کیا ، چوہدری شجاعت کا یہ کہنا کہ اسرائیل اور فلسطین کے معاملے پر عرب لیگ کے فیصلے کی حمایت کرینگے خوش آئند ہے ۔

(جاری ہے)

سعودی سفیر نے کہا کہ بینظیر سے ملاقات کے دوران فلسطین کے معاملے پر ان کے بیان سے ہمیں تشویش ہوئی ہے ، انہوں نے کہا کہ بینظیر نے اس موقع پر کہا تھا کہ اسرائیل کے صدرشمعون پیرس سے ہمارا رابطہ رہا ہے عرب لیگ والے ان سے بات کیوں نہیں کرتے جبکہ ق لیگ نے ہمارے موقف کو تسلیم کیا ہے ۔