محترمہ بے نظیر بھٹو کے انتقال پر پورا ملک اور قوم سوگوار ہے،میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے،نوازشریف،پوری قوم موجودہ حکمرانوں سے خون کاحساب لے گی،پیپلزپارٹی کے کارکن خود کو اکیلا نہ سمجھیں،جنرل ہسپتال راولپنڈی میں گفتگو

جمعرات 27 دسمبر 2007 22:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر۔2007ء) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے انتقال پر پورا ملک اور قوم سوگوار ہے، محترمہ کے خون کا حساب حکمرانوں سے پوری قوم لے گی، موجودہ صورتحال کے تناظر میں پیپلزپارٹی سے مشاورت کے بعد مسلم لیگ انتخابات کے حوالے سے اپنے فیصلے کا اعلان کرے گی، اب یہ جنگ نوازشریف قوم کے ساتھ ملکر لڑے گا، میں بھی پوری قوم کی طرح اتنا ہی دکھی ہوں جتنے پیپلزپارٹی کے کارکن ہیں پیپلزپارٹی کے دکھ میں برابر کے شریک ہوں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کی شب راولپنڈی جنرل ہسپتال میں محترمہ بے نظیر بھٹو کا جسد خاکی دیکھنے کے بعد ہسپتال سے روانگی سے قبل پیپلزپارٹی کے کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے اس دکھ میں برابر کی شریک ہے اور یہ سانحہ ہمارے لیے اور پوری قوم کیلئے انتہائی افسوسناک ہے انہوں نے کہاکہ میں یقین دلاتا ہوں کہ یہ جنگ اب نوازشریف لڑے گا اور بے نظیر بھٹو کے خون کا حساب لیا جائے گا اور میری خوش نصیبی ہے کہ میں نے پرسوں بے نظیر بھٹو سے ٹیلی فون پر بات کی تھی انہوں نے کہاکہ میری سالگرہ پر پھول اور تحائف پیش کیے تھے آج میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم نے الیکشن کے بعد بھی اکٹھے چلنا تھا جس طرح بے نظیر بھٹو کارکنوں کی بہن ہیں اسی طرح میں بھی آپ لوگوں کا بھائی ہوں بے نظیر بھٹو کے خون کا حساب پوری قوم ہمارے ساتھ ملکر لے گی ۔میاں نوازشریف نے کہاکہ کارکنوں سے مخاطب ہو کہاکہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور اس سانحہ میں اپنے آپ کو اکیلے نہ سمجھیں ہم آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔

بے نظیر بھٹو کے انتقال کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال پر ہم پیپلزپارٹی کے ساتھ بات چیت اور مشورے کے بعد اعلان کرینگے اور اپنا فیصلہ قوم کو سنائیں گے اور فیصلہ پیپلزپارٹی کے مشورے سے ہو گا پیپلزپارٹی اکیلی نہیں ہے نوازشریف ان کے ساتھ ہے قوم ان کے ساتھ ہے آپ کی جنگ میں لڑوں گا انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کا انتقال ایک قومی سانحہ ہے جس پر پوری قوم سوگوار اور دکھی ہے۔