جی ٹی روڈ پر ٹیوٹا ویگن اور کار کے مابین خونی تصادم کے نتیجہ میں 3افراد جاں بحق ‘دو خواتین سمیت 18مسافر شدید زخمی

منگل 1 جنوری 2008 15:27

فیروزوالہ(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 01. جنوری2008 ) تھانہ فیروزوالہ کے نواحی علاقہ کالا شاہ کاکو جی ٹی روڈ پر ٹیوٹا ویگن اور کار کے مابین خونی تصادم کے نتیجہ میں 3افراد جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت 18مسافر شدید زخمی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ تھانہ فیروزوالہ کالا شاہ کاکو کے قریب لاہور سے گوجرانوالہ جانے والے ایک تیز رفتار ٹیوٹا ویگن نمبر LIS-2184 دوسری گاڑی کو اوور ٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہو کر مخالف سمت سے آنے والی ٹیوٹا کرولہ کار نمبر LRZ-1736سے ٹکرا کر قلابازیاں کھاتے ہوئے گہرے کھڈوں میں جا گری جس کے نتیجہ میں کار میں سوار دو افراد شاہ زیب اور عبد الرشید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ کار سوار محمد عمران اور ٹیوٹا ویگن میں سوار دو خواتین سمیت 18مسافر شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ایک نا معلوم زخمی نوجوان طبی امداد ملنے سے قبل ہی دم توڑ گیا ۔

بتایا گیا ہے کہ دونوں متوفیان کی نعشوں کو کار کی باڈی کاٹ کر باہر نکالا گیا ۔ حادثہ زیر تعمیر سڑک کی وجہ سے ون وے ٹریفک ہونے کے باعث تیز رفتاری کے سبب پیش آیا ۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے ۔ پولیس نے کارروائی شڑوع کر دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :