کالا باغ ڈیم کی تعمیر سستی اور بھرپور بجلی بنانے کی صلاحیت رکھتے ہوئے کامیاب ترین منصوبہ ثابت ہوگا۔ رہنما مسلم لیگ ق

قومی مفادات کونسل کی اولین ترجیح آبی وسائل میں بڑھوتری ہونی چاہیے۔ خواجہ رمیض حسن

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 28 مارچ 2024 13:44

کالا باغ ڈیم کی تعمیر سستی اور بھرپور بجلی بنانے کی صلاحیت رکھتے ہوئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ2024ء) پانی کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ پریس ریلیز میں مسلم لیگ ق کے رہنما خواجہ رمیض حسن نے کہا کہ کہ آبی وسائل میں دن بدن بڑھتی کمی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کونسل کی اولین ترجیح آبی وسائل میں بڑھوتری ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم منصوبہ نہ صرف آبی وسائل میں اضافہ بلکہ توانائی کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں مرتب کرے گا۔

کالا باغ ڈیم پر بیرونی ایجنڈے کے تحت بے بنیاد اختلافات ملکی ترقی کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں قومیں اپنے قومی مفادات کو مقدم رکھنے کے لیے کوشاں ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستانی عوام بے بنیاد افواہوں کی بنا پر کالا باغ ڈیم جیسے منصوبہ کی مخالفت میں پیش پیش ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں قائم ہونے والی قومی طرز کی حکومت کی جانب سے ایسے سیر حاصل منصوبوں پر اتفاقِ رائے انتہائی ناگزیر ہے۔

عوام بجلی کی کم پیداوار اور بھاری بلوں کی ادائیگی سے سخت پریشان اور بلوں کے باعث اشیائے خوردونوش کے حصول کے لیے بھی انتہائی تنگدستی کا شکار ہوتی ہے۔ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سستی اور بھرپور بجلی بنانے کی صلاحیت رکھتے ہوئے کامیاب ترین منصوبہ ثابت ہوگا اس مفید منصوبہ کی تعمیر کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو رضاکارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔