Live Updates

پرویز مشرف ملک چھوڑ دیں انکے لئے یہی بہتر ہوگا ‘عدلیہ کی بحالی کے وعدے سے انحراف قوم سے غداری ہو گی ۔عمران خان ۔۔۔موجودہ عدلیہ اور پرویز مشرف کے ہوتے ہوئے ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لونگا

ہفتہ 15 مارچ 2008 14:22

لاہور (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین15 مارچ 2008 ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی مینڈیٹ حاصل کرنیوالی جماعتوں کو مل جل کر جمہوریت اور عدلیہ کے خلاف ایوان صدر میں ہونیوالی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا‘پرویز مشرف ملک چھوڑ کر چلے جائیں انکے لئے یہی بہتر ہو گا ‘پوری قوم اور وکلاء کیساتھ ملکر نئی پارلیمنٹ پر نظر رکھیں گے ‘عدلیہ کی بحالی کے وعدے سے انحراف قوم سے غداری ہو گی ‘پرویز مشرف اور موجودہ عدلیہ کے ہوتے ہوئے ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لونگا ۔

عمران خان نے کہا کہ موجودہ عدلیہ کو کوئی بھی نہیں مانتا سوائے اقتدار پر مسلط حکمرانوں اور پی سی کے تحت حلف اٹھانے والے ججز کے ‘موجودہ چیف جسٹس پر صوبائی چیف جسٹس صاحبان کا اظہار اعتماد ایک لطیفہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوم کے چیف جسٹس آج بھی افتخار محمد چوہدری ہیں جو اب بھی آمر کے سامنے جھکے نہیں بلکہ کلمہ حق کہہ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی اور اسکی اتحادی جماعتوں کو تقسیم کرنے کی سازشیں کر رہا ہے مگر اب وقت آگیا ہے کہ سیا سی جماعتیں امریکہ کی بجائے 16کروڑ عوام کے جذبات کی عکاسی کریں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر 30دن کے اندر نئی پارلیمنٹ نے ججز کو بحال نہ کیا تو اے پی ڈی ایم وکلا سول سوسائٹی سمیت معاشرے کے ہر فرد کے ساتھ ملکر بھر پور تحریک چلائینگے ۔ جو سب کچھ بہا کر لے جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے داخلہ اور خارجہ پالیسیوں کو فوری تبدیل کرنے اور امریکہ کی جنگ کو پاکستان سے ختم کرنیکی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کی جڑ پرویز مشرف ہیں جو اپنی شکل درست کرنے کی بجائے بار بار شیشہ توڑتے ہیں انکے لئے بہتر یہی ہے کہ فوری مستعفی ہو جائیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات