ایم کیو ایم سے بات چیت سے قبل تمام اتحادیوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے ۔سینیٹر رضا ربانی۔۔۔پیپلزپارٹی میں کوئی خلفشار نہیں‘صحافیوں سے بات چیت

ہفتہ 22 مارچ 2008 14:58

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین22 مارچ 2008 ) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور اتحادی جماعتوں کا ایجنڈا اعلان مری کی صورت میں سامنے آ چکا ہے -مخدوم امین فہیم کو وزیراعظم کا عہدہ نہ ملنے کی باتیں مفروضہ ہے پاکستان پیپلزپارٹی میں کوئی خلفشار نہیں -ایم کیو ایم سے بات چیت کرنے سے قبل تمام اتحادیوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے-ہفتہ کو پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اے این پی سربراہ اسفند یار ولی سے پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات کی جس میں حکومت چلانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ اے این پی کے کوئی تحفظات نہیں ہیں تمام باتیں غلط ہیں ایم کیو ایم سے اتحاد کرنے سے پہلے تمام اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی گئی تھی جس کے بعد ایم کیو ایم کو اتحاد میں شامل کیا گیا ہے-انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں کا ایجنڈا اسمبلی ہاؤس اور اعلان مری کی صورت میں سامنے آ چکا ہے وزیراعظم کی نامزدگی کیلئے تمام اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی گئی-ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم کو وزیراعظم کا عہدہ نہ ملنے کی باتیں مفروضے پر مبنی ہیں پیپلزپارٹی میں کسی قسم کی کوئی گروپنگ نہیں ہے اور وزیراعظم کی نامزدگی کیلئے پیپلزپارٹی کے تمام سینئر رہنماؤں سے مشاورت کی گئی ہے صدر کے مواخذے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملاقات میں صدر کے مواخذے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی-