بلوچستان زلزلہ ،چین کی جانب سے دس لاکھ امریکی ڈالرکا چیک پاکستان کے حوالے، پاکستان اور چین یک جان دو قالب ہیں،ایک تکلیف میں ہو تو دوسرا کیسے پیچھے رہ سکتا ہے ،آصف علی زرداری،چین کی زلزلہ زدگان کو بروقت امداد پر چینی حکومت و عوام کے شکر گزار ہیں ؛صدر کی پاکستان میں متعین چینی سفیر سے گفتگو

جمعرات 30 اکتوبر 2008 21:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر۔2008ء) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہر مشکل وقت میں پاکستان اور چین ایک دوسرے کا ساتھ دیتے رہے ہیں دونوں ممالک یک جان دو قالب ہیں،ایک کو تکلیف ہو تو دوسرا کیسے پیچھے رہ سکتا ہے ،چین کی جانب سے بلوچستان کے زلزلہ زدگان کی بروقت امداد پر چینی حکومت و عوام کے شکر گزار ہیں جبکہ پاکستان میں متعین چینی سفیر نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائی کو بہتر بنانے کے لئے دس لاکھ امریکی ڈالر کا چیک صدر کو پیش کیا۔

جمعرات کے روزپاکستان میں متعین چینی سفیر لوژاؤ ہوئی سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، خطے میں امن کے قیام اور سلامتی کے لئے چین کی کوششیں نہایت قابل قدر ہیں جبکہ دونوں ممالک کے مابین پہلے سے موجود گہرے دوستانہ روابط ہر سطح پرمزید آگے بڑھانے کے لئے ہر سطح سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انکا حالیہ دورہ دونوں ممالک کے مابین متعدد شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے‘ علاقائی اور عالمی امور‘ توانائی‘ اقتصادی و غذائی بحران‘ تجارتی حجم میں اضافے‘ دفاعی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں انتہائی مفید ثابت ہو گاجبکہ حالیہ زلزلے کے حوالے سے چینی مالی و تکنیکی امداد پرچینی اعلیٰ قیادت ،عوام اور چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا ۔قبل ازیں چینی سفیر لوژاؤ ہوئی نے چین کی حکومت و عوام کی جانب سے بلوچستان میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائی کو بہتر بنانے کے لئے دس لاکھ امریکی ڈالر کا چیک صدر کو پیش کیا اور چین کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ہمدردی اور افسوس کا پیغام پہنچایا ۔