معرکہ کر بلہ سے ہمیں حسینیت علیہ السلام کا پرچم بلند کرنے کا درس ملتا ہے، پرویز ملک

بدھ 31 دسمبر 2008 23:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31دسمبر۔2008ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری مالیات اور سابق ممبر قومی اسمبلی محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ معرکہ کر بلہ سے ہمیں حسینیت علیہ السلام کا پرچم بلند کرنے کا درس ملتا ہے۔باطل کتنا بھی طاقتور کیوں نہ ہو وہ کسی قیمت پرحق کومغلوب نہیں بناسکتا۔امام حسین علیہ السلام نے اسلام کی بقاء اور سربلندی کیلئے جام شہادت نوش کیا ، نیک مقصد کیلئے قربانی کبھی رائیگاں نہیں جاتی ۔

محرم الحرام کے دوران ملک میں امن وامان برقرارر کھنا ہم سب کا فرض ہے۔آج پاکستان کو ماضی سے زیادہ مذہبی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد پرویز ملک نے مزید کہا کہ فرقہ واریت اورمنافرت کی حوصلہ شکنی کے بغیر ایک صحتمند معاشرے کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

اسلام مذہب کی بنیاد پرکسی انسان کی دل آزاری کرنے اوراس کے ساتھ امتیازی سلوک روارکھنے کے حق میں نہیں۔

ہرکسی کو اپنے مذہبی عقیدے کے مطابق زندگی بسر کرنے کا حق حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماہ محرم الحرام میں امن وامان کیلئے عوام منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علماء کرام اوراساتذہ کلیدی کرداراداکرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں ہمیں نقصان پہنچانے کیلئے گھات لگائے بیٹھی ہیں ،ان کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد برقراررکھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دشمن مذہبی فرقہ واریت اور منافرت کوہوادے کرہمیں آپس میں لڑا ناچاہتا ہے ،ہم صرف متحد رہ کردشمن کے مذموم عزائم کوناکام بنا سکتے ہیں۔