قومی اسمبلی کااجلاس  (ن)لیگ کے ارکان کا سپریم کورٹ کے فیصلے اور پنجاب میں گور نر راج کے نفاذ کے خلاف شدید احتجاج،بی بی ہم شر مندہ ہیں  تیرے قاتل زندہ  نواز شریف قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں  گور نر راج  ڈاکو راج نہیں چلے گا کے نعرے

ہفتہ 28 فروری 2009 20:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27فروری ۔2008ء) قومی اسمبلی میں ہفتہ کومسلم لیگ (ن)کے ارکان نے سپریم کورٹ کے فیصلے اور پنجاب میں گور نر راج کے نفاذ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور ایوان میں شدید نعرے بازی کی جس سے ایوان ہنگامہ آرائی کا منظر پیش کر تا رہا سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی بار بار ہدایت کے باوجود ارکان نے اپنا احتجاج جاری رکھا اوراس دور ان اگر پیپلز پارٹی کے کسی رکن نے جواب دیا تو تمام ارکان نے یک زبان ہو کر نعرے بازی کی صورت میں رد عمل کااظہار کیا سپیکر نے قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان کو اپنے ارکان کو روکنے کیلئے کہا تو چوہدری نثار نے اس پر بے بسی کا اظہار کیا اور کہاکہ یہ نو جوان پہلی مرتبہ آئے ہیں اور ہمارے کنٹرول میں نہیں تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نواز کے ارکان ہفتہ کو بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھے نعرے لگاتے ہوئے ایوان میں داخل ہوئے اور اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر نواز شریف قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں میاں تیرے جانثار بے شمار بے شمار گور نر راج  ڈاکوراج نہیں چلے گا بی بی ہم شرمندہ ہیں تیرے قاتل زندہ ہیں اور شیم شیم کے نعرے لگاتے رہے ارکان کی نعرے بازی سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کر نے لگا اور سپیکر کے بار بار کہنے کے باوجود مسلم لیگ نواز کے مردوخواتین ارکان نے نعرے بازی جاری رکھی اس دور ان سپیکر نے چوہدری نثار علی خان سے کہاکہ ایوان میں رولز معطل کر کے پنجاب میں گور نر راج پر بحث کر وانے کی بات کی گئی ہے اس پر آپ کا کیا موقف ہے تو چوہدری نثار علی خان نے کھڑے ہو کر اپنا نکتہ نظر بیان کر نا شروع کر دیا اس دور ان بھی ارکان شیم شیم اور دیگر نعرے لگاتے رہے کئی مواقع پر مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کے بعض ارکان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا سپیکر نے کہاکہ یہ ایوان کی بالادستی کی بات ہو رہی ہے ارکان توجہ سے سنیں جس پر مسلم لیگ نواز کے ارکان نے کہاکہ یہ ایوان کی بالادستی نہیں زر داری کی زبردستی ہے ۔