صدرکیخلاف بیان بازی کے خاتمے اور سیاسی امن کی بحالی تک پنجاب میں گورنر راج ختم نہیں ہوسکتا ،جہانگیر بدر

پیر 2 مارچ 2009 20:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مارچ ۔2009ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کے خلاف بیان بازی کے خاتمے اور سیاسی امن کی بحالی تک پنجاب میں گورنر راج ختم نہیں ہوسکتا۔ نجی ٹی وی کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں جہانگیر بدر نے کہاکہ پیپلز پارٹی ایک دن کے لئے بھی گورنر راج کا نفاذ نہیں چاہتی اور یہ اقدام آئینی ضرورت کے تحت کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گورنر راج کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ مسلم لیگ ن سیاسی مفاہمت اور ڈائیلاگ کے راستے پر واپس آجائے،کیونکہ جب ایک طرف صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کو نشانہ بنایا جارہا ہو تو گورنر راج کیسے ختم ہوسکتا ہے۔جہانگیر بدر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے لیڈروں کی بیان بازی اور احتجاجی مظاہروں نے وفاق کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

(جاری ہے)

صدر آصف زرداری پاکستان کھپے کے نعرے پر عمل کرتے ہوئے موجودہ صورتحال پر خاموش ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ججوں کی بحالی کے وعدے پر نواز شریف نے صدر زرادری کی معذرت قبول نہیں کی تھی تو اب وہ بے نظیر بھٹو کی جائے شہادت پر مسلم لیگ نون کی معافی کیسے قبول کرلیں۔ جہانگیر بدر نے کہا کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ پیپلز پارٹی کا ہوگا،بصورت دیگر ان کی جماعت اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کو ترجیح دے گی۔

متعلقہ عنوان :