اداکار عارف علی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

منگل 19 مئی 2009 13:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مئی ۔2009ء) سٹیج کے سینئر اداکار عارف علی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ۔ تفصیل کے مطابق سینئر اداکار عارف علی محفل تھیٹر میں جاری اسٹیج ڈرامہ ”وعدہ نہ توڑ “میں اداکاری کر رہے تھے گزشتہ روزشو کرنے کے بعد جب وہ گھر کیلئے روانہ ہونے لگے تو ان کو دل کا دورہ پڑ ا جو ان کیلئے جان لیوا ثابت ہوا ۔

(جاری ہے)

عارف علی کو طبی امداد کیلئے گنگا رام ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی انکی وفات کا سن کر اداکار افتخار ٹھاکر ‘انجمن شہزادی ‘ظفر ارشاد ‘مجاہد رانا ‘وحید ‘شاہد خان ہسپتال پہنچ گئے ۔

اس موقع پر جونیئر فنکاروں نے عارف علی کی موت پر دیگر سینئر فنکاروں کے ہسپتال نہ آنے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ عارف علی نے سینئر فنکاروں کے ساتھ اپنی زندگی گزاری ہے اس موقع پر سینئر فنکاروں کا نہ آنا انکی بے حسی ہے ۔ جونیئر فنکاروں نے کہا کہ سینئر فنکار تو بغیر پیسے لئے جنازے میں بھی شریک نہیں ہوتے ۔ یاد رہے کہ عارف علی نے 1982ء میں اسٹیج ڈرامہ ”بشیرا ان ٹرپل “میں بوڑھی خاتون کا رول ادا کر کے زبردست شہرت حاصل کی تھی ۔