پرویز مشرف کا تازہ انٹرویو درحقیقت شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے خاندان سے اپنی دیرینہ نفرت کا اظہار ہے،اعجاز درانی

پیر 9 نومبر 2009 18:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔9نومبر۔2009ء) بلاول ہاؤ س کے ترجمان اعجاز درانی نے جنرل ریٹائرڈ مشرف کے اس انٹرویو پر انتہائی سخت ترین ردعمل کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو دھوکے باز، جرائم پیشہ اور معمولی انسان قرار دے کر ان کی محب وطنی پر انگلیاں اٹھانے کی کوشش کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو ایک ایسے بھگوڑے جنرل سے محب وطنی کا سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کی ہرگز ضرورت نہیں جو خود اپنے وطن سے بے وفائی اور غداری کے جرم میں دنیا کے کونے کونے میں پناہ حاصل کرنے کی بھیک مانگ رہا ہو۔

جنرل پرویز مشرف کا تازہ انٹرویو درحقیقت شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے خاندان سے اپنی دیرینہ نفرت کا اظہار ہے جس کا عملی مظاہرہ وہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کی سازش میں حصہ لے کر ادا کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

اعجاز درانی نے واضح کیا کہ جنرل مشرف درحقیقت دنیا کے سب سے بڑے ”منافق اور منکر“ فرد ہیں جنہوں نے پوری دنیا کے سامنے یہ اعلان کیا تھا کہ ”وردی ان کی کھال ہے جو مر کر ہی ان کے جسم سے علیحدہ ہوسکتی ہے“ لیکن ملک سے ایک بزدل چوہے کی طرح فرار ہوتے وقت انہوں نے اپنی وردی کے تقدس کو بھی فروخت کرنے میں شرم محسوس نہیں کی اور آج کل وہ وردی کے بجائے جمہوریت کے چیمپیئن بننے کی کوشش کررہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف میں اگر تھوڑی سی بھی غیرت ہوتی تو وہ ملک سے فرار ہونے کے بجائے یہاں رہ کر اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا سامنا کرتے لیکن انہوں نے بزدل چوہے کا کردار ادا کر کے خود ہی یہ بات ثابت کردی کہ ایک بہادر اور غیرت مند شخص کو معمولی آدمی قرار دینے والا درالاصل خود ہی ”دو ٹکے کا انسان“ ہے۔

متعلقہ عنوان :