کوہاٹ، راولپنڈی جانے والی ریل گاڑی اور کارمیں تصادم، تین کار سوار جاں بحق

ہفتہ 2 جنوری 2010 13:55

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔2جنوری۔ 2010ء) کوہاٹ کے قریب راولپنڈی جانے والی ریل گاڑی اور کارمیں خوفناک تصادم کے نتیجے میں تین کار سوار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ موٹرکار کو شدید نقصان پہنچا۔ہلاک شدگان کا تعلق میران شاہ سے بتاتاجاتا ہے ۔پولیس کے مطابق ہفتہ کے روز صبح کوہاٹ سے راولپنڈی جانے والی 345 اپ ریل گاڑی جب کوہاٹ سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع توغ گاوٴں کے قریب سے گزر رہی تھی کہ اس دوران ایک تیز رفتار موٹر کارریلوے لائن عبورکرنے کی کوشش کررہی تھی جسے ریل گاڑی نے ٹکرماردی جس کے باعث کار میں سوار تین افراد موقع پر ہی جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا جبکہ کار کو شدید نقصان پہنچا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریلوے حکام جائے حادثہ پر پہنچ گئے اورامدادی کاروائیاں شروع کرکے جاں بحق اور زخمی افراد کوہسپتال پہنچادیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس نے ابتدائی طورپر بتایا ہے کہ یہ المناک حادثہ موٹرکارڈرائیور کی مبینہ غفلت کے باعث پیش آیا ہے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق جاں بحق افراد اور زخمی کا تعلق میران شاہ ( وزیرستان) سے ہے جن میں صابر خان ولد شاکر خان‘ گلاب دین ولد خانہ دین اور عبدالرازق ساکنان میران شاہ جاں بحق جبکہ فضل کریم شدید زخمی ہوگیا ہے۔پولیس کے مطابق حادثہ میں جاں بحق افراد توغ پایاں(کوہاٹ) میں فیروز شاہ نامی شخص کے ہاں مہمان ٹھہرے تھے جو کہیں جارہے تھے کہ حادثہ کا شکار ہوگئے۔