بھارتی حکومت کی بدحواسی، اشتہار میں اہم بھارتی شخصیات کے ساتھ سابق پاکستانی ایئر چیف کی تصویر شائع کروا دی

اتوار 24 جنوری 2010 14:43

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24جنوری۔2010ء) بھارتی حکومت کی بدحواسی، اخبارات کے اشتہار میں اہم بھارتی شخصیات کے ساتھ پاکستان کے سابق ایئر چیف کی تصویر شائع کروا دی۔ وزیراعظم نے قوم سے معافی مانگ لی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بھارت کی وزارت ترقی خواتین و اطفال نے اتوار کو بچیوں کے قومی دن کے حوالے سے اخبارات میں پورے صفحے کا ایک ا شتہار شائع کرایا ہے جس میں وزیراعظم منموہن سنگھ اور کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی اوربعض دیگر بھارتی شخصیات کے علاوہ پاک فضائیہ کے سابق سربراہ ایئرچیف مارشل تنویر محمود احمد کی ایک تصویر بھی نمایاں طور پر شائع ہوئی ہے۔

مقامی میڈیا کی نشاندہی اور حکومت پر تنقید کے بعد وزیراعظم آفس نے فوری طور پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے عوام سے معافی مانگ لی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم آفس کو بھارتی حکومت کے اشتہار میں غیرملکی شخصیت کی تصویر شائع کرنے پر افسوس ہوا ہے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس عوام سے اس غلطی پر معافی کا خواہاں ہے۔واضح رہے کہ یہ اشتہار بھارتی حکومت کے ڈائریکٹریٹ آف ویژوئل پبلسٹی کی طرف سے جاری کیا گیا تھا۔