ابتدائی تعلیم بچے کی بنیاد مستحکم کرنے میں انتہائی اہم رول ادا کر رہا ہے ،،صوبائی وزیرخزانہ محمد ہمایوں خان

اتوار 28 مارچ 2010 15:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔28مارچ۔2010ء) صوبہ سرحد کے وزیر خزانہ انجینئر محمد ہمایون خان نے کہا ہے کہ ابتدائی تعلیم ایک بچے کی بنیاد مستحکم کرنے میں انتہائی اہم رول ادا کر رہا ہے اور اگر بچے کی بنیادمضبوط ہو تو اس میں سیکھنے اور ترقی کرنے کا رحجان کافی حد تک نشونما پاجاتا ہے بصورت دیگر اگر بنیاد کمزور ہو تو وہی عمارت مستحکم اور دیر پا نہیں ہوگی۔

وہ آج لاہور لائسم سکول پشاور سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ مضبوط تعلیمی بنیاد ہی بچے کو صحیح راستے پر ڈالتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ طالب علم تھے تو ان دنوں معیاری درسگاہیں دستیاب نہیں تھیں لیکن آج کل پورے ملک میں معیاری تعلیمی درسگاہیں قائم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے معیاری تعلیم کے فروغ میں نجی شعبے کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ نجی شعبے میں قائم تعلیمی اداروں میں سرکاری سکولوں کی نسبت تعلیمی معیار کو خاطر خواہ توجہ دی جارہی ہے جس کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تعلیمی معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں اور مالی وسائل فراہم کرکے تعلیمی ڈیمانڈ کو کسی نہ کسی حد تک پورا کیا ہے۔انجینئر ہمایون خان نے کہا کہ حال ہی میں دستخط شدہ این ایف سی ایوارڈ سے اس اہم ترین شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے صوبہ سرحد کو ضروری مالی وسائل فراہم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اکیلے تعلیمی شعبے کی بڑھتی ہوئی توسیعی تقاضوں کو پورا نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے نے اس سلسلے میں خلا کو مناسب طور پر پُر کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے نہ صرف عوام کو معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں بلکہ انہوں نے بڑے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ بھی کیا ہے۔ انہوں نے لاہور لائسم کے معیار کو بے حد سراہتے ہو ئے کہا کہ فیکلٹی اور طلباء نے انتہائی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

قبل ازیں لاہور لائسم کے چھوٹے بچوں نے کثیر تعداد میں رنگا رنگ آئٹم پیش کئے جن میں ڈرامے، کراٹے کا مظاہرہ ، نظمیں، گانے ، دلچسپ مکالمے ، مزاحیہ خاکے، ملی نغمے اور بہت سے دیگر آئٹم شامل تھے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا اور داد دی۔ ڈائریکٹریس سیکنڈری مسز فاطمہ لطیف نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور سکول کی کامیابیوں اور مستقبل کے اہداف پر روشنی ڈالی۔ سکول کی پرنسپل رضوانہ خالد نے مہمان خصوصی اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ مہمان خصوصی نے ہونہار طلباء و طالبات اور مختلف کھیلوں کے مقابلے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :