ملک ریاض کابھتہ لینے کے الزام میں ارسلان افتخار کیخلاف لندن میں مقدمہ درج کرانیکا فیصلہ ،بحریہ ٹاوٴن کے سابق سربراہ کے داماد سلمان نے لندن میں وکلا کی خدمات حاصل کرلیں

جمعرات 29 نومبر 2012 22:19

اسلام آباد/لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29نومبر۔2012ء) بحریہ ٹاوٴن کے سابق سربراہ ملک ریاض نے بھتہ لینے کے الزام میں ڈاکٹر ارسلان افتخار کیخلاف لندن میں مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کرلیا جبکہ اس مقصد کیلئے ملک ریاض کے داماد سلمان نے لندن میں وکلا کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔جمعرات کو نجی ٹی وی کے مطابق ملک ریاض کے داماد نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے سسر کو بلیک میل کرکے ارسلان افتخار نے کروڑوں روپے زبردستی حاصل کئے جن میں ارسلان اور ان کی فیملی کی شاپنگ، ہوٹلوں میں قیام، اپارٹمنٹ، سفری سہولیات کیلئے ٹکٹیں اور نقد رقم شامل ہیں۔

سلمان کاموقف ہے کہ ان کے سسر سے بلیک میل کرکے پیسے وصول کئے گئے جو کہ ایک سنگین جرم ہے اور اس کی کم از کم سزا 10 سال قید ہے۔

(جاری ہے)

اس بارے میں جب ملک ریاض کے وکیل ڈاکٹر عبدالباسط نے اس بات کی تصدیق کی کہ ارسلان افتخار کیخلاف لندن میں ایک مقدمہ درج کرنے کی تیاری جاری ہے اور اس مقصد کیلئے لندن میں نامور وکلا کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ملک ریاض کاموقف ہے کہ سڈل کمیشن سے انصاف کی توقع نہیں ہے۔

کمیشن نے ارسلان افتخار کو بری کرنے کا مکمل بندوبست کرلیا ہے اس لئے میں نے ان کیخلاف لندن میں قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے کیونکہ یہ رقم جبری طور پر لندن میں وصول کی گئی تھی۔ انہو ں نے کہاکہ رقم کی وصولی کیلئے وکلا سے رجوع کرلیا ہے۔ ملک ریاض کے مطابق سڈل کمیشن سے کبھی ڈرے ہیں نہ ڈریں گے۔ یہ کمیشن غیر جانبدارانہ تفتیش نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدمے میں لندن سے گواہ پاکستان آنا چاہتے ہیں لیکن انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اس لئے میں نے اب یہ فیصلہ کیا ہے کہ انصاف کیلئے ارسلان افتخار کیخلاف لندن میں قانونی چارہ جوئی کروں۔