ٹوبہ ٹیک سنگھ،گاڑیوں میں ناقص سی این جی گیس سلنڈروں کے خلاف خصو صی مہم جاری، جنوری میں158گاڑیوں کا چالان کیا گیا، ناقص گیس سلنڈر وں سے انسانی جانوں کے ضیاع سمیت دیگر نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،ڈی ایس پی چو ہدری احسان الحق گجر کی پریس بریفنگ

جمعرات 7 فروری 2013 20:18

ٹو بہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔7فروری۔ 2013ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر گاڑیوں میں ناقص سی این جی گیس سلنڈروں کے خلاف خصو صی مہم بھر پور طریقے سے جاری ہے ،جس کے دوران گذشتہ ماہ مجموعی طور پر 158مو ٹر گاڑیوں کے چالان کر کے ان پر 79ہزارروپے جر مانہ عائد کیا گیا ،اس بات کا انکشاف ڈی ایس پی ( ٹریفک ) چو ہدری احسان الحق گجر نے پریس بریفنگ کے دوران کیا ،ڈی ایس پی چو ہدری احسان الحق گجر نے بتایا کہ اس عرصہ کے دوران نا قص اور غیر معیاری سلنڈروں کی بناء پر 8گا ڑیوں کی فٹنس کینسل کی گئی ،جبکہ 11مو ٹر گاڑیوں کے روٹ پر مٹ بھی منسوخ کئے گئے ہیں ، جبکہ ضلع بھر میں مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 6608موٹر گاڑیوں کے چالان کرکے ان پر مجموعی طور پر 28لاکھ 49ہزار 400 روپے جرمانہ وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کروایا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اور ناقص گیس سلنڈر اکثر اوقات مہلک حادثات کا موجب بنتے ہیں ،جن میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سمیت دیگر نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے ،انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کے افسران اور ماتحت ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیوٹی کے دوران عوام کو بلاوجہ تنگ کرنے اور ان کے ساتھ نارواسلوک اختیار کرنے کی بجائے خوش اخلاق رویہ اپنائیں ،تاکہ ٹریفک پولیس کے متعلق عوام کے منفی تاثر کو بہتر بنایا جاسکے ،انہوں نے بتایا کہ کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کی ہر طرح سے حوصلہ شکنی کے ساتھ ساتھ اوور لوڈنگ اور زائد کرایوں کی وصولی کرنے والے ٹرانسپوٹروں کے خلاف بھی سخت کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے،ڈی ایس پی ٹریفک نے مو ٹر گاڑیوں کے مالکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی گا ڑیوں میں معیاری گیس سلنڈروں کی تنصیب کو یقینی بنائیں ،اور ان کی باقاعدگی کے ساتھ چیکنگ کو بھی اپنا معمول بنائیں ،تاکہ کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ۔

متعلقہ عنوان :