محکمہ محنت کے زیر انتظام چلنے والے46تعلیمی اداروں میں مزدوروں کے بچوں کو فنی اور ہنر مندی کی تعلیم و تربیت دلانے کیلئے چھ مہینے کے شارٹ کورسزکا آغازکیا گیا، محنت کش طبقے کے بچوں کو عصری علوم کے ساتھ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہنر مندی کی تعلیم بھی دلائی جائے گی،خیبر پختونخوا کے وزیر محنت،صنعت و حرفت اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری بخت بیدارکی وفدسے گفتگو

جمعہ 26 جولائی 2013 21:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔26جولائی۔2013ء) خیبر پختونخوا کے وزیر محنت،صنعت و حرفت اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری بخت بیدار نے کہا ہے کہ محکمہ محنت کے زیر انتظام چلنے والے46تعلیمی اداروں میں مزدوروں کے بچوں کو فنی اور ہنر مندی کی تعلیم و تربیت دلانے کیلئے چھ مہینے کے شارٹ کورسزکا آغازکیا گیاہے جس کے ذریعے محنت کش طبقے کے بچوں کو عصری علوم کے ساتھ ساتھ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہنر مندی کی تعلیم بھی دلائی جائے گی۔

یہ باتیں انہوں نے جمعہ کے روز اپنے دفتر میں مزدور یونین کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کے دوران کہیں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مذکورہ تربیتی پروگرام کے ذریعے محکمہ محنت کے زیر انتظام صوبے کے طول و عرض میں قائم46 سکولوں میں جماعت ششم کے بعد طلباء کو کمپیوٹر اور دیگر فنی و ہنر مندی کے علو م میں چھ مہینے کے دورانیئے کی تربیت دی جائے گی جس سے ہمارے بچے اندرون و بیرون ملک اپنے لئے بہترین روزگار ڈھونڈ سکیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اس موقع پر مثال دیتے ہوئے کہا کہ چین،کوریا،جاپان اور دیگر ترقی یافتہ ممالک نے عصری علوم کے ساتھ پیشہ ورانہ اور فنی علوم کے فروغ کو ترجیح دے کر ترقی کی منازل طے کیں اس لئے اگر ہم نے بھی اسی طرح اپنے نوجوانوں اور بچوں کو ان علوم کی طرف راغب کیا تو وہ دن دور نہیں کہ ہم بھی ترقی یافتہ اقوام کی طرح ترقی کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ علمی میدان میں ترقی کے ذریعے یہاں لاقانونیت اور بیروزگاری جیسے مسائل کا خود بخود خاتمہ ہو سکے گا۔