وزیراعظم کا پولیو ٹاسک فورس کا ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ، پولیو ٹیموں پر حملے رکوانے پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، گورنر خیبر پختونخوا اجلاس میں شرکت کریں گے

پیر 2 ستمبر 2013 18:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2ستمبر۔ 2013ء) وزیراعظم میاں نوازشریف نے خیبر پختونخوا اور فاٹا میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث قومی پولیو ٹاسک فورس کا ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس میں پولیو ٹیموں پر حملے رکوانے پر غور کیا جائے گا،پولیو ٹاسک فورس کی صدارت وزیر اعظم نوازشریف کریں گے، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، گورنر خیبر پختونخوا اجلاس میں شرکت کریں گے۔

پیر کو ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے خیبر پختونخوا اور فاٹا میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث قومی پولیو ٹاسک فورس کا ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آرمی چیف کے نمائندے اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو بھی اجلاس میں بلایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹاسک فورس فاٹا کے شورش زدہ علاقوں میں پولیو ٹیموں کی رسائی سے متعلق اہم فیصلے کرے گی۔

(جاری ہے)

پولیو ٹیموں پر حملے رکوانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ شمالی اور جنوبی وزیرستان میں گزشتہ دو سال سے پولیو ٹیموں کی رسائی نہیں۔ فاٹا کے شورش ذدہ علاقوں میں اڑھائی لاکھ بچے دو سال سے پولیو ویکسین سے محروم ہیں۔ رواں سال 27 پولیو کیسز میں سے 17 فاٹا اور 5 خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوئے۔ سندھ سے تین ، پنجاب سے دو پولیو کیسز سامنے آئے جبکہ بلوچستان رواں سال پولیو سے محفوظ ہے۔ پولیو سیل کے مطابق رواں سال پولیو ٹیموں پر 23 قاتلانہ حملے بھی ہو چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :