حکومت نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان پرعملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اپنی کوششوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے،محمد نواز شریف ، آئی ٹی برآمدات کے فروغ، ای گورنمنٹ فریم ورک اور ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کیلئے پرعزم ہیں،وزیراعظم کی بل گیٹس سے ملاقات میں گفتگو، حکومت پاکستان کی گزشتہ دو سالوں کے دوران ملک سے پولیو کے خاتمے کی کوششیں قابل تعریف ہیں، بل گیٹس

بدھ 25 ستمبر 2013 17:05

نیویارک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 25ستمبر 2013ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اپنی کوششوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔آئی ٹی برآمدات کے فروغ، ای گورنمنٹ فریم ورک اور ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کیلئے پرعزم ہیں۔ گزشتہ روز بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی بل گیٹس سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کیلئے بل گیٹس کی امداد اور کوششوں کو سراہا اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے اپنی حکومت کے ویژن سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمہ کیلئے نیشنل ایمرجنسی پلان پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اپنی کوششوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آئی ٹی برآمدات کے فروغ، ای گورنمنٹ فریم ورک اور ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کیلئے پرعزم ہے۔ملاقات میں پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کی اہمیت خصوصاً نوجوانوں کیلئے روزگارپیدا کرنے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بل گیٹس نے پاکستان کی جانب سے گزشتہ دو سالوں کے دوران ملک سے پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو سراہا انہوں نے اس مرض کے خاتمے کیلئے ہر پاکستانی بچے کو پولیو ویکسین فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعتراف کیا ۔انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کو مضبوط بنانے کیلئے اپنے وژن سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف سے اظہار تشکر کیا ۔