کراچی میں رینجرزاورپولیس کی کارروائی، 50 ملزمان گرفتار، فائرنگ سے ایک اہلکار ہلاک

ہفتہ 19 اکتوبر 2013 17:01

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اکتوبر 2013ء) شہرقائد میں ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری اور دیگر جرائم کے خلاف رینجرز اور پولیس کا ٹارگتڈ آپریشن جاری ہے جس کے دوران مزید 50 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے دوسری جانب جرائم پیشہ افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار بھی جاں بحق ہوگیا۔

(جاری ہے)

لیاری کے علاقے موسیٰی لین میں پولیس نے گینگ وار سے تعلق رکھنے والے2 ملزمان سرفراز اور شہریار کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا، پولیس کاکہنا ہے کہ دونوں ملزم بھتہ خوری، قتل، اقدام قتل اور دیگر مجرمانہ وارداتوں میں مطلوب تھے جب کہ 2 ماہ قبل انہوں نے ایک پولیس اہلکارکوفائرنگ کرکے زخمی بھی کیا تھا۔

اس کے علاوہ پولیس نے ضلع شرقی سے مزید 34 ملزمان کی گرفتاری ظاہر کی ہے جبکہ رینجرز ترجمان نے ناظم آباد، پاپوش نگر، لانڈھی، نیوکراچی اور کورنگی سے 13 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحے کی برآمدگی کا دعویٰ کیاہے۔ دوسری جانب شرافی گوٹھ قبرستان کے قریب پولیس نے موٹر سائکل پر سوار چند مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار باغ علی موقع پرہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا اہلکا منورعلی زخمی ہوگیا۔،حملہ آورفائرنگ کے بعد فرارہوگئے۔