حکومت جنوبی پنجاب میں تعلیم اور صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ‘ توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے کئی منصوبے شروع کر رکھے ہیں‘چولستان میں قائد اعظم سولر انرجی پارک کے منصوبہ کی تکمیل سے پورے ملک میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ‘جنوبی پنجاب کے ساتھ ساتھ پورے علاقہ کی تقدیر بدل جائے گی، صدر مملکت ممنون حسین کی بہاولپور سے مسلم لیگ(ن) کی خاتون رکن قومی اسمبلی بیگم پروین مسعود بھٹی سے گفتگو

منگل 24 دسمبر 2013 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر۔2013ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت جنوبی پنجاب میں تعلیم اور صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے کئی منصوبے شروع کر رکھے ہیں۔چولستان میں قائد اعظم سولر انرجی پارک کے منصوبہ کی تکمیل سے نہ پورے ملک میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا بلکہ جنوبی پنجاب کے ساتھ ساتھ پورے علاقہ کی تقدیر بدل جائے گی۔

وہ منگل کو یہاں ایوان صدر میں بہاولپور سے مسلم لیگ(ن) کی خاتون رکن قومی اسمبلی بیگم پروین مسعود بھٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ رکن قومی اسمبلی بیگم پروین مسعود بھٹی نے صدر مملکت کو بہاولپور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن ،بہاولپورمیں نرسنگ کالج کے قیام اور پسماندہ علاقوں کے طلبہ کیلئے دی جانیوالی سکالر شپس میں جنوبی پنجاب کی جامعات کو شامل کرنے سمیت قائد اعظم سولر انرجی پارک سمیت مختلف امور پر گفتگو کی ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ ملک کے ہر شہری کو تعلیم،صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی ، غربت کے خاتمہ اور روزگار کے مواقع پید ا کرنے کیلئے حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور حکومت ملک کے تمام شہریوں بالخصوص جنوبی پنجاب کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔صدر مملکت نے کہا کہ بہاولپور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن ،بہاولپورمیں نرسنگ کالج کے قیام ، سکالر شپس میں جنوبی پنجاب کی جامعات کو شامل کرنے،چولستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات کی جائیں گی۔

بیگم پروین مسعود بھٹی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے نہ صرف دل سے کام کر رہی ہے بلکہ عملی طور پر اس کو ثابت بھی کر دیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی کی دعوت پر بہاولپو ر کے دورہ کے یقین دہانی کراوتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ بہاولپور شہر سے میرا ذاتی تعلق ہے اور میری بہت سی یادیں وابستہ ہیں ۔