حکومت بحرانوں کے خاتمہ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر مصروف عمل ہے، پیر امین الحسنات ،معیشت کی بحالی کے سلسلے میں تاجر اور صنعتکار برادری کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے، ملک میں سٹیٹ بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کا شعبہ بھی ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے روایت شکن اقدامات فروغ دے رہا ہے ،وفاقی وزیرمملکت کاتقریب سے خطاب

اتوار 30 مارچ 2014 19:04

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2014ء)حکومت ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے ساتھ ساتھ درپیش بحرانوں کے خاتمہ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر مصروف عمل ہے، معیشت کی بحالی کے سلسلے میں تاجر اور صنعتکار برادری کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے، ملک میں سٹیٹ بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کا شعبہ بھی ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے روایت شکن اقدامات فروغ دے رہا ہے جو کہ ہر لحاظ سے خوش آئند ہے، ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات نے سرگودھا میں خیابان نوید کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ تاجر، صنعت کار اور سٹیٹ بلڈرز و ڈویلپرزحکومت کی طرف سے سرمایہ کاری کیلئے دی گئی ترغیبات اور پاکستان کی جغرافیائی اور سیاسی اہمیت سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنائیں تاکہ درپیش بحرانوں کا خاتمہ اور حقیقی بہتری کے آثار نمایاں ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ اگر یہ کہا جائے تو بے نہ ہوگا کہ ملک اسلم نوید سرگودھا کے ملک ریاض ہیں جو دکھی انسانیت کی خدمت کے ساتھ ساتھ اہل سرگودھا کو دور حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق جدید و بہترین رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہنگامی انداز میں مصروف عمل ہیں اور نوید بلڈرز اینڈ ڈویلپر کے سابقہ پراجیکٹس کی کامیابی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ انہوں نے معیار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی پالیمانی سیکرٹری امورکشمیر وگلگت، بلتستان چوہدری حامد حمید نے کہا کہ ملک اسلم نوید مسلم لیگ ن کے جانثار سپاہی ہیں کہ جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کے لئے اپنا تن، من، دھن قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ خیابان نوید سرگودھا میں اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہے کہ جو علاقائی سطح پر دورحاضر کی جدید ترین سہولیات فراہم کرکے اہل علاقہ کے بہتر مستقبل کے خواب کو عملی تعبیر سے ہم کنار کررہا ہے ، نجی سیکٹر میں سرگودھا کا یہ سب سے بڑا رہائشی منصوبہ اپنی مثال آپ ہے کہ جہاں عوام کو دور حاضر کی جملہ سہولیات فراہم کردی گئی ہیں، اس موقع خطاب کرتے ہوئے نوید بلڈرز اینڈسٹیٹ دویلپرز کے ملک اسلم نوید نے کہا کہ خیابان نو ید میں موجودہ ابتر معاشرتی حالات کو مقدم رکھتے ہوئے اہل علاقہ کے سکون کو تحفظ کو بھی ملحوظ رکھا گیا ہے تاکہ یہاں رہنے والوں کو عدم تحفظ کا احساس نہ ہواور اس سلسلہ میں یہاں باؤنڈری وال کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، ذاتی سیکورٹی سسٹم ، موبائل سروس ، ایمبولینس سروس کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سنٹرل مانیٹرنگ سسٹم کا قیام سرگودھا میں روایت شکن تبدیلیوں کا حامل ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ نوید بلڈرز اینڈ سٹیٹ ڈویلپرز نے ہمیشہ اپنے کرم فرماؤں کے اعتماد کو قائم رکھتے ہوئے اپنے وعدوں کی بروقت تکمیل کے لئے ساری قوتیں صرف کردیں ، ہم آئند بھی روایات کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے حقیقی انداز میں جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔