گمشدہ طیارے کی زیرآب تلاش جاری،آبدوزیں بھی ناکام،تلاش کا نیامرحلہ شروع کیاجائیگا،مسلسل ناکام رہے تو کچھ دیر ٹھہرکرسوچیں گے،آسٹریلوی وزیراعظم، گمشدہ جہاز کی تلاش کے کام پر خرچ ہونے والا مجموعی سرمایہ بہت زیادہ ہو گا،ملائیشین حکام

جمعرات 17 اپریل 2014 19:33

گمشدہ طیارے کی زیرآب تلاش جاری،آبدوزیں بھی ناکام،تلاش کا نیامرحلہ ..

پرتھ/کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2014ء) بحر ہند کی تہہ میں ملائیشین ایئرلائنز کے گمشدہ طیارے کی تلاش کے کام میں مصروف حکام نے کہا ہے کہ فضائی اور بحری کوششوں کی طرح اب تک یہ کاوشیں بھی ناکام رہی ہیں،دوسری جانب ملائشین حکام نے خبردار کیا ہے کہ گمشدہ جہاز کی تلاش کے کام پر خرچ ہونے والا مجموعی سرمایہ بہت زیادہ ہو گا، غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعرات کو ایک بیان میں کہاگیاکہ تارپیڈو کی طرح کی اس منی آبدوز کی مدد سے انتہائی گہرے سمندر میں ہر طرح سے کسی سراغ کے حصول کا عمل تو جاری ہے، تاہم اب تک اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ، بیان کے مطابق اس آبدوز کی مدد سے اب تک حاصل کردہ ویڈیو فوٹیج میں اس گمشدہ طیارے کا کوئی سراغ نہیں مل پایا اس آبدوز کو تلاش کے کام میں اہم ترین آلے کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

حکام کو امید تھی کہ یہ امریکی ڈرون آبدوز اس طیارے کے بلیک باکس یا کسی اور اہم ٹکڑے کا کوئی نشان ڈھونڈ لائے گی، اپنے ایک بیان میں آسٹریلوی وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے کہا کہ ملائیشین ایئر لائنز کے گمشدہ طیارے کی تلاش میں منی آبدوزیں بھی ناکام رہیں، تو ایک ہفتے میں اس تلاش کا ایک نیا مرحلہ شروع ہو جائے گا، ایبٹ نے کہاکہ اگر آبدوزوں کے ذریعے تلاش کا کام بھی بے ثمر رہا، تو طیارے کی تلاش کا کام تو ختم نہیں ہو گا تاہم یہ تلاش ایک نئے مرحلے میں داخل ہو جائے گی، ایبٹ نے بتایا کہ یہ آبدوزیں دو ہزار مربع کلومیٹر پر پھیلے تلاش کے اس علاقے میں ایک ہفتے تک اپنا کام جاری رکھیں گی اور ناکامی پر ’ہم ٹھہریں گے، دوبارہ منظم ہوں گے اور دوبارہ سوچیں گے،دوسری جانب ملائشین حکام نے خبردار کیا ہے کہ گمشدہ جہاز کی تلاش کے کام پر خرچ ہونے والا مجموعی سرمایہ بہت زیادہ ہو گا۔