دینی مدارس جدید سائنسی علوم کو نصاب کا حصہ بنائیں،حبیب الرحمان،تمام مکاتب فکر کے علماء اسلام کی سربلندی کے لئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں،صوبائی وزیرزکوٰة

منگل 13 مئی 2014 20:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیرز کوٰة،اوقاف و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت دینی مدارس میں دینی علوم کے ساتھ جدید سائنسی علوم متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ ان مدارس سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کی صلاحیتوں کو کو انگلش میڈیم سکولوں کے طلباء کے برابر لایاجاسکے اور ان پر سرکاری اور نجی اداروں میں اہم عہدوں پر تعیناتی اور ترقی کے دروازے کھل سکیں۔

وہ گزشتہ روز سعادت دارالعلوم طورو ضلع مردان میں تقسیم اسناد،دستار بندی اور مدرسے کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت صدر مدارس مولانا فضل اللہ نے کی۔حاجی حبیب الرحمان نے کہا کہ دینی تعلیم کی قدر و منزلت سے کسی کو انکار نہیں اور اس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے لیکن جب تک جدید سا ئنسی علوم کو نصاب کا حصہ نہیں بنایا جائے گا ہمارے علم میں توازن پیدا نہیں ہو سکتا جس کے نتیجے میں دینی مدارس سے فارغ التحصیل طلبہ پیچھے رہ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں ماڈل دینی مدارس کے قیام کا ارادہ رکھتی ہے جس کی ابتداء پشاور سے کی جائے گی اور بعد ازاں اسے دیگر اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے اور سیکولر عناصر کامقابلہ کرنے کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا تاکہ مغرب زدہ سیکولر عناصر کے عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے۔