Live Updates

سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے، ملکی معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے، آنے والا بجٹ متوازن ہو گا ،حمزہ شہباز شریف ،عمران خان ایک سال بعد دھاندلی کا الزام لگا رہے ہیں،لیگی رہنما کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 15 مئی 2014 19:42

سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے، ملکی معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مئی۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے، ملکی معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے، آنے والا بجٹ متوازن ہو گا۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ کو مزید بہتر بنایا جائے گا، پنجاب کے بجٹ میں زراعت کے شعبہ کو باریکی کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ کسانوں کے ہاتھوں کو مضبوط کیا جائے، انہیں کم نرخوں پر کھادیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے، وزیراعظم خود کراچی کے حالات کو مانیٹر کر رہے ہیں، گزشتہ روز کراچی میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عمران خان کے دھاندلی اور الیکشن کمیشن کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات ہونی چاہئیں اس پر بڑی جماعتیں بھی متفق ہیں، کیا بار بار سڑکوں پر دھرنے سے نیا پاکستان بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک سال بعد دھاندلی کا الزام لگا رہے ہیں، جن لوگوں نے امیدوں کے ساتھ ووٹ دیئے ہیں عمران خان ان کو کیا جواب دیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات