بھارت ، ایمبیسڈر کار بنانے والی کمپنی کاپیداوار بند کرنے کا اعلان

پیر 26 مئی 2014 14:53

بھارت ، ایمبیسڈر کار بنانے والی کمپنی کاپیداوار بند کرنے کا اعلان

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26مئی 2014ء) بھارت میں کئی دہائیوں سے سرکاری افسران اور حکام کی پہچان سمجھی جانے والی ایمبیسڈر کار بنانے والی کمپنی نے اس کی پیداوار بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک کی سب سے پرانی کار ساز کمپنی ہندوستان موٹرز نے کہا کہ کولکتہ کے نزدیک واقع کارخانے کو کم پیداوار، بڑھتے ہوئے قرض اور مانگ کی کمی کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔

کمپنی نے مغربی بنگال کے علاقے اترپاڑا میں واقع فیکٹری کے تمام ڈھائی ہزار مزدوروں کو بغیر کسی ادائیگی کے چھٹی دے دی ۔

(جاری ہے)

ہندوستان موٹرز نے بمبئی سٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط میں ’کم پیداوار، بے ضابطگیوں اور قرض میں اضافے اور سرمایہ کاری اور طلب میں کمی‘ کو پیداوار بند کرنے کی وجوہات قرار دیا گیا۔ادارے کے ایک اعلیٰ اہلکار نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ پیداوار غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئی ہے اور اس سے یہ بات یقینی طور پر ثابت ہو گئی ہے کہ کمپنی منافع نہیں کما پا رہی۔

طویل عرصے تک بھارت کی سڑکوں کی شناخت رہنے والی یہ کار دن بہ دن بازار میں نئی کاروں کی آمد کی وجہ سے مقابلے کی دوڑ سے باہر ہوتی جا رہی تھی۔کمپنی نے مارچ 2014 میں ختم ہونے والے مالی سال میں صرف 2200 کاریں فروخت کیں۔

متعلقہ عنوان :