وزیراعلیٰ سے معروف مینجمنٹ کنسلٹنٹ کمپنی مکینزے کے وفد کی ملاقات ، ٹیکس نظام میں اصلاحات لائن لاسز روکنے اور لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی کیلئے تعاون پر اتفاق، وسائل قومی امانت ہیں، ایک ایک پائی شفاف طریقے سے عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کررہے ہیں،شہبازشریف،لائن لاسزمیں کمی ،لائیوسٹا ک کی ترقی او رٹیکس نظام میں اصلاحات کے حوالے سے مکینزے کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں ،شہبازشریف ، ٹیکس نظام میں اصلاحات اور لائن لاسز میں کمی کے حوالے سے تعاون جاری رکھیں گے، لائیوسٹاک کے فروغ کیلئے جلد سفارشات پیش کریں گے، وفد مکینزے

جمعرات 29 مئی 2014 20:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مئی۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے معروف مینجمنٹ کنسلٹنٹ کمپنی مکینزے ( Mckinsey )کے سربراہ برائے ایشیا ریجن گورڈن اور (Mr. Gordon Orr) کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ٹیکس نظام میں اصلاحات، بجلی کے لائن لاسز روکنے اور لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی کیلئے تعاون پر اتفاق ہوا-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وسائل قوم کی امانت ہیں اورپنجاب حکومت قومی وسائل کی ایک ایک پائی شفاف طریقے سے عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کررہی ہے- وسائل میں اضافے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے- ٹیکس وصولی کے نظام کو سہل بنا کر وسائل میں اضافہ کیا جاسکتا ہے-ٹیکس چوری روکنے کے لئے سخت اقدامات کرناہوں گے- پنجاب میں ٹیکس نظام میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں-ٹیکس وصولی کے نظام میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتری لارہے ہیں- پنجاب میں ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر کر کے حاصل ہونے والے اضافی وسائل بھی عوام کی فلاح پر ہی صرف کریں گے- ٹیکس وصولی کے محکموں کے اہلکاروں کو جدید تربیت سے آراستہ کرنا ضروری ہے-انہوں نے کہاکہ بجلی کی لائن لاسز میں کمی کے لئے مکینزے کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے-سمارٹ میٹرز کی تنصیب سے لائن لاسز اور چوری کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے- لائیوسٹاک و ڈیری فارمنگ کی ترقی کے حوالے سے میکنزے تعاون کر سکتاہے-لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کو فروغ دے کر معیشت کو بہتر کیا جا سکتاہے- مکینزے کے وفد کے سربراہ گورڈن اور نے کہاکہ پنجاب حکومت کے ساتھ ٹیکس نظام میں اصلاحات اور لائن لاسز میں کمی کے حوالے سے تعاون جاری رکھیں گے-لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی کے حوالے سے بھی جلد حتمی سفارشات پیش کریں گے -صوبائی وزیر خزانہ وایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مجتبیٰ شجاع الرحمن،خصوصی معاون برائے لائیوسٹاک ارشد جٹ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔