Live Updates

بجٹ سے چھوٹے صوبوں میں پنجاب کیلئے نفرتیں مزید بڑھیں گی، عمران خان

اتوار 8 جون 2014 19:48

بجٹ سے چھوٹے صوبوں میں پنجاب کیلئے نفرتیں مزید بڑھیں گی، عمران خان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جون۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیر مین عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ بجٹ پاکستان کی تاریخ کا سب سے کرپٹ ترین بجٹ ہے اور اس سے چھوٹے صوبوں میں پنجاب کے لئے نفرتوں میں اضافہ ہو گا۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلے جو بجٹ پیش کئے جاتے رہے ان میں بھی امیروں کو نوازا جاتا رہا لیکن موجودہ بجٹ میں تو کرپشن کے سارے ریکارڈ ہی توڑ دیئے گئے ہیں، بجٹ کے ذریعے لٹیروں اور عوام کے ٹیکس کا پیسہ چوری کرنے والے ایک خاص طبقے کو فائدہ پہنچایا گیا، ان لوگوں کو فائدہ پہنچایا گیا جنھوں نے ملک کا 200 ارب ڈالر سوئس بینکوں میں جمع کرا رکھا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بجٹ میں چھوٹے صوبوں سے زیادتی کی گئی اور ان صوبوں کے ترقیاتی فنڈز بھی کم کر دیئے گئے ہیں جس سے دیگر صوبوں میں پنجاب کے خلاف شدید نفرتیں بڑھیں گی، وزیراعظم نواز شریف بیرون ملک دوروں میں اپنے بھائی کو ساتھ رکھتے ہیں اور بیرون ملک سے آنے والا سارا سرمایہ پنجاب خصوصا لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں لگایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں بہت ہی کم قیمت پر ہائیڈرو پاور کے ذریعے بجلی پیدا کی جا سکتی ہے لیکن وزیراعظم ایک مرتبہ بھی وزیراعلی خیبر پختون خوا پرویز خٹک کو اپنے ساتھ کسی دورے پر نہیں لے کر گئے، شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے ذریعے اربوں ڈالر کمائے جا سکتے ہیں، سوات کالام سڑک جو ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے حکومت کے پاس اس کی مرمت کے لئے پیسے نہیں ہیں لیکن ریلوے کے لئے اربوں روپے کا قرضہ موجود ہے۔

تحریک انصاف کے چیرمین کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان صرف ایک خاندان چلا رہا ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نواز شریف کے سمدھی جب کہ وزیر مملکت عابد شیر علی ان کا بھانجا ہے اس کے علاوہ شہباز شریف، حمزہ شہباز شریف اور مریم نواز شریف بھی براہ راست یا بالواسطہ حکومت میں موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت صرف ایک سال کے عرصے میں 50 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ لے چکی ہے یا لے رہی ہے لیکن اس کے باوجود ہمارے حکمرانوں کی عیاشی ختم نہیں ہوئیں، وزیراعظم ہاؤس کا صرف ایک روز کا خرچہ 21 لاکھ 35 ہزار ہے اس کے علاوہ وزیراعظم جب بیرون ملک سفر کرتے ہیں تو ان کا ایک دن کا خرچہ 43 لاکھ روپے بنتا ہے، اس کے علاوہ رائیونڈ میں واقع شریف خاندان کے فارم ہاؤس کی سیکیورٹی پر 40 کروڑ روپیہ سالانہ خرچ ہوتا ہے جو عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ہے، دنیا میں قرض لینے والے ممالک کے حکمران اس طرح شاہ خرچیاں نہیں کیا کرتے، آیت اللہ خمینی اور ماؤزے تنگ انقلابی رہنما تھے لیکن انھوں نے ایک بھی بیرون ملک کا دورہ نہیں کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :