عوام 65 سالوں سے دھاندلی کر نیوالوں کیخلاف نکلیں ،قیصراقبال قادری

ہر شعبہ زندگی کے افراد کو شامل کرکے پاکستان کو ظالم حکمرانوں سے بچانے کی تیاری کاآغازکردیں،رہنما پاکستان عوامی تحریک

ہفتہ 14 جون 2014 18:57

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14جون 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کراچی کے صدرقیصراقبال قادری نے کہا ہے کہ انقلاب کے بعد ہر بے گھر کو مفت گھر ، بیروزگار کو باوقار روزگار ، میٹرک تک مفت اور یکساں تعلیم ، مفت صحت کی سہولیات اور مظلوم کو انصاف اس کی دہلیز پر مفت دیا جائے گا ۔ عوام کو اقتدار اور وسائل میں شراکت داری دی جائے گی جس کے تحت دس لاکھ افراد کو حکومت میں شریک کیا جائے گا۔

عوامی مسائل کا حل انتخابات میں نہیں انقلاب ہے۔ ظالم حکمرانوں کی طاقت عوام کی بے بسی ، غربت ، جہالت اور مایوسی ہے۔ عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں 65 سالوں سے دھاندلی کر نے والوں کے خلاف نکلیں گے ۔عوام کو اقتدار اور وسائل میں شراکت داری کے لیے سبز عوامی انقلاب کے لیے جولائی میں قائد انقلاب وطن آرہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کراچی کی ایگزیکٹو کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر اظہرخان ،عصمت اللہ ،اطہرصدیقی ،الیاس مغل اوردیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا موجودہ حکمران دھن دھونس اور دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئے ہیں ان کے پاس عوامی مسائل کا کوئی حل نہیں ۔ کرپٹ حکمران ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ان سے چھٹکارا انقلاب کے سوا نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ملک بھر میں دس ہزار عوامی انقلابی کونسلیں بنانے کااعلان کر کے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقلی کے فارمولے پر عملی قدم اٹھا لیا ہے۔

جو یونین کونسل سے نیچے وارڈ کی سطح تک منظم ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ظالمانہ نظام عوام کے لیے نہیں بلکہ چند خاندانون کے لیے ہے۔ پاکستانی عوام کی بے بسی ، مایوسی ، غربت اورجہالت کی وجہ سے ظالم حکمران طاقتور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں دو چار حلقوں میں دھاندلی کے خلاف نکل کر اپنا وقت ضائع نہیں کریں گے ۔ بلکہ میں 65 سالوں سے ہونے والی دھاندلی کے خلاف نکلیں گے اور ملک میں انقلاب بپاکیا جائے گا۔ جس کے لئے ملک بھر میں ڈور ٹو ڈور مہم کے ذریعے کام کا آغازکردیا گیا ہے۔