Live Updates

عام انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلیوں کے خلاف تحریک انصاف کا احتجاج جاری

مرکزی دفتر سے الیکشن کمیشن آف پاکستان تک تحریک انصاف کے سینکڑوں مظاہرین کی پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں احتجاجی ریلی الیکشن کمیشن آف پاکستان سے چار حلقوں میں ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشان سے تصدیق کا مطالبہ تحریک انصاف بہاولپور میں 27جون کو عظیم الشان احتجاج کے ذریعے جنوبی پنجاب کے کروڑوں عوام کی محرومیوں کے خلاف آواز اٹھائے گی،عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے،شاہ محمود قریشی

جمعہ 20 جون 2014 21:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین20۔جون۔2014ء) مئی 2013کے عام انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلیوں کے خلاف تحریک انصاف کا احتجاج جاری،جمعہ کو مرکزی دفتر سے الیکشن کمیشن آف پاکستان تک تحریک انصاف کے سینکڑوں مظاہرین نے پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے چار حلقوں میں ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشان سے تصدیق کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کو تحریک انصاف کی عظیم الشان جدوجہد کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو موجودہ اپاہج الیکشن کمیشن قبول نہیں۔ قوم موثر، فعال اور آزاد الیکشن کمیشن چاہتی ہے جس کیلئے بھرپور آواز اٹھاتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

ادھر تحریک انصاف نے ایم کیو ایم کی سابق رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کے بیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ہزاروں کارکنان نے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اللہ خان نیازی ، نائب صدر عامر محمود کیانی، شعبہ خواتین کی صدر منزہ حسن، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور مرکزی اور مقامی قائدین کی قیادت میں مرکزی سیکرٹریٹ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان تک پیدل مارچ کیا اور 11مئی کے انتخابات میں وسیع دھاندلی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔

کارکنان سے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اللہ خان نیازی نے لاہور میں مسلم لیگ نواز کی ایماء پر پنجاب پولیس کے ہاتھوں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے حکمرانوں نے شرم و حیا کو پس پشت ڈال کر معصوم انسانوں کا قتل کیا جس پر ان کا محاسبہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی بے مثال جدوجہد کے نتیجے میں حالات کا رخ بدل رہا ہے اور حکومتی ایوانوں میں لرزہ طاری ہے تاہم حکمران ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4حلقوں میں نتائج کی تحقیقات سے گریزاں ہیں جس کے خلاف تحریک جاری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کی تحریک کا مقصد ملک کے غریب، بے روزگار اور کمزور عوام کے حالات بدلنے کیلئے ہے انہوں نے کہا کہ نظام کی اصلاح کے ذریعے ملک میں شفاف انتخابات کے ذریعے جمہوریت کے قیام تک یہ جدوجہد جاری رہے گی ۔ اس کے ساتھ ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے احترام میں تحریک انصاف نے اپنا ہفتہ وار احتجاج موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم حکومت اور الیکشن کمیشن اس مہلت سے فائدہ اٹھائیں اور 4حلقوں میں نتائج کی جانچ اور نظام کی اصلاح کا رستہ ہموار کریں بصورت دیگر عوام ان کی قسمت کا فیصلہ کریں گے ۔

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کو تحریک انصاف کی عظیم الشان جدوجہد کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو موجودہ اپاہج الیکشن کمیشن قبول نہیں۔ قوم موثر، فعال اور آزاد الیکشن کمیشن چاہتی ہے جس کیلئے بھرپور آواز اٹھاتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کا قتل انتہائی قابل مذمت اقدام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف بہاولپور میں 27جون کو عظیم الشان احتجاج کے ذریعے جنوبی پنجاب کے کروڑوں عوام کی محرومیوں کے خلاف آواز اٹھائے گی اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ آج کے احتجاجی مظاہرہ میں پنجاب حکومت کی سفاکیت کا نشانہ بننے والے شہریوں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔ تحریک انصاف کی قیادت نے رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کے درجات کی بلندی کیلئے بھی دعا کی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات