دفتر خارجہ کا اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے سے رابطہ

جمعرات 3 جولائی 2014 17:57

دفتر خارجہ کا اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے سے رابطہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3جولائی 2014ء) پاکستان نے امریکی سرکاری اداروں کی جانب سے پاکستانی سیاسی جماعت کی جاسوسی کی اطلاعات پر تشویش کا ا ظہار کرتے ہوئے امریکہ پر زور دیا ہے کہ دوستانہ تعلقات کے مفاد میں اس طرح کی کارروائیاں روک دی جائیں ، جاسوسی کا اقدام بین الاقوامی قانون اور مسلمہ سفارتی ضوابط کے منافی ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے حالیہ میڈیا رپورٹس پر شدید تشویش ظاہر کی ہے جن میں بتایا گیا تھا کہ امریکی سرکاری اداروں کی جانب سے جن ممالک کی جاسوسی کی جاتی رہی ان میں پاکستان بھی شامل ہے بیان کے مطابق اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کو جمعرات کو آگاہ کیا گیا پاکستان کے حکومتی محکموں دیگر تنظیموں ، اداروں اور افراد کیخلاف اس طرح کا اقدام بین الاقوامی قانون اور مسلمہ سفارتی ضوابطسے مطابقت نہیں رکھتا ۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں پاکستان کی ایک سیاسی جماعت کی جاسوسی کی ا طلاعات حیران کن ہیں۔ بیان کے مطابق امریکہ کو آگاہ کیا گیا کہ جاسوسی کا عمل دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی روح کے بھی منافی ہے ۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کے مفاد کی خاطر ہم نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں روک دی جائیں۔واضح رہے کہ عالمی میڈیا میں یہ رپورٹس شائع ہوئی تھیں کہ امریکہ نے بعض دیگر ممالک کے علاوہ پاکستان کی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کی بھی اس وقت جاسوسی کی تھی جب وہ 2010 ء میں اقتدار میں تھی۔

متعلقہ عنوان :