سینی گال کے صدر نے وزیر اعظم کو برطرف،حکومت تحلیل کردی

ہفتہ 5 جولائی 2014 18:47

سینی گال کے صدر نے وزیر اعظم کو برطرف،حکومت تحلیل کردی

ڈاکار(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 5جولائی 2014ء) سینی گال کے صدر میکی سال نے وزیر اعظم امیناتا تور کو برطرف کر دیا ، وہ گزشتہ برس ستمبر میں وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر فائز ہوئی تھیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر میکی سال نے امیناتا تور کے خلاف یہ فیصلہ بلدیاتی انتخابات میں ان کی جماعت کی ناقص کارکردگی کے بعد کیا ،وزیراعظم کو صدر میکی سال کے ایک فرمان کی کاپی موصول ہوئی جس میں امیناتا تور کی برطرفی کا اعلان کیا گیا ۔

(جاری ہے)

صدارتی محل کے ایک عہدے دار کے مطابق وزیر اعظم کے استعفے کا مطلب یہ ہوا کہ حکومت تحلیل کر دی گئی ۔ اکاون سالہ تور الائنس فار دی ری پبلک (اے پی آر)کی سربراہ ہیں اور انہیں گزشتہ برس وزیر اعظم نامزد کیا گیا تھا۔ انتیس جون کے بلدیاتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق ڈاکار اور ملک کے متعدد اہم شہروں میں ان کی جماعت کو شکست ہوئی ہے۔ سرکاری نتائج کا اعلان ابھی باقی ہے تاہم انتخابات کے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں تور اقتدار سے رخصت ہو رہی ہیں۔