دبئی، 35 ارب ڈالر کی لاگت سے آل مکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کا آغاز

آل متوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کے نئے ٹرمینل کے ڈیزائنز کی منظوری دے دی گئی

پیر 29 اپریل 2024 13:25

دبئی، 35 ارب ڈالر کی لاگت سے آل مکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کا ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) دبئی میں آل مکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کا آغاز کر دیا گیا، منصوبے پر تقریبا 35 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل متوم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے آل متوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کے نئے ٹرمینل کے ڈیزائنز کی منظوری دے دی اور اس کی تعمیر پر 34 ارب 85 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی۔

شیخ محمد بن راشد آل متوم نے مزید کہا کہ یہ دنیا کا سب سے زیادہ مسافروں کی گنجائش والا ایئرپورٹ ہو گا اور یہ موجودہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پانچ گنا بڑا ہو گا، ٹرمینل کے مکمل طور فعال ہونے کے بعد آل مکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سالانہ 26 کروڑ مسافروں کی آمدورفت ہو گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب دبئی سول ایوی ایشن کے صدر اور ایمریٹس ایئرلائن کے سی ای او شیخ احمد بن سعید آل متوم کے مطابق اس پراجیکٹ کا پہلا فیز 10 برسوں میں مکمل ہو گا اور اس میں سالانہ 15 کروڑ مسافروں کی آمدورفت ممکن ہو گی، آل متوم ایئرپورٹ کو 2010 سے خلیجی مالیاتی مرکز کی فضائی ٹریفک کا نسبتا کم حصہ ملا ہے۔

خیال رہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے تاہم حکام چاہتے ہیں کہ آل متوم ایئرپورٹ دبئی ایئرپورٹ کی جگہ لے لے، جہاں سالانہ 12 کروڑ مسافروں کی آمد و رفت ممکن ہے، اس کے علاوہ شہر کے مرکزی مقام میں ہونے کی وجہ سے دبئی ایئرپورٹ کی توسیع ممکن نہیں ہے۔