آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا سات روزہ کراچی یوتھ فیسٹیول کے انعقادکا اعلان

پیر 14 جولائی 2014 19:53

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14جولائی 2014ء) اگست کے تناظر میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی،محکمہ امورِ نوجوانان حکومت سندھ کے اشتراک سے 10سے16اگست تک کراچی میں سات روزہ میں کراچی یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کر رہا ہے۔یہ بات آرٹس کونسل کے سیکریٹری محمد احمد شاہ نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔اس موقع پرمیں کراچی یوتھ فیسٹیول کی پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر فوزیہ خان اور یوتھ کمیٹی،آرٹس کونسل کے چیئرمین کاشف گرامی بھی موجود تھے۔

محمد احمد شاہ نے کہا کہ شہر کراچی میں عرصے سے جاری قتل و غات گری اورافراتفری کے خلاف آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی،سول سوسائٹی اورحکومتی اداروں نے مل کرمیں کراچیکے نام سے ایک امن مہم کا آغازکیا ہے۔

(جاری ہے)

جس کے تحت کراچی کے نوجوانوں اور لوگوں کے لئے متعدد سرگرمیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے اورمیں کراچی یو تھ فیسٹیولاسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

ان سر گر میوں کا مقصدعوام اور خصوصا نوجوانوں میں شہرِ کراچی کے لئے اپنائیت کا جذبہ بیدار کر کے اپنی حمیت،متنوع اور کثیر الجہت قومیت کو یکجہ کرکے اجتماعی طور پر اپنی قوت اور استقلال کے لئے مظاہرہ کر نا ہے۔ پروگرام کی تفصیل بتا تے ہو ئے انہوں نے کہا کہ میں کراچی یوتھ فیسٹیول میں فوٹو گرافی،ڈرامہ،مصوری،موسیقی ،اردوو انگریزی مضمون نویسی،مباحثہ اور کوئز کے مقابلے ہوں گے۔

جس میں کراچی بھر سے نوجوان شر کت کر سکتے ہیں۔جبکہ ہر مقابلے کے لئے ایک لاکھ کی انعامی رقم رکھی گئی ہے جس میں پہلا انعام پچاس ہزار،دوسرا تیس ہزار اور تیسرابیس ہزار ہے۔انہوں نے کہا کہ مقابلوں میں غیر جانبداری کے عمل کوملحوظ رکھتے ہو ئے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات پر مبنی ججز کے پینل تشکیل دئیے گئے ہیں۔فیسٹیول میں سو فٹ طویل امن پینٹنگ بھی بنا ئی جا ئے گی جس میں شہر کراچی کے نامور مصور اور مصوری کے طالب علموقار،اتحاد اور استقلال کو تصویری شکل دیں گے۔

انہوں نے میں کراچی یوتھ فیسٹیول میں حصہ لینے والوں کی اہلیت کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ فیسٹیول اپنی نوعیت کا ایک منفرد میگا ایونٹ ہو گاجس میں شہر کراچی کے8سے35سال کی عمر کے نوجوان حصہ لے سکتے ہیں۔ہر شعبے میں شریک ہونے کے کچھ قوائد و ضوابط بھی ترتیب دیئے گئے ہیں جن کی تفصیل رجسٹریشن فارم پر موجود ہے۔انہوں نے مزید بتا یا کہ یوتھ فیسٹیول کے رجسٹریشن فارم آرٹس کونسل کی ویب سائٹ artscouncil.org.pk اور میں کراچی کی ویب سائٹ iamkarachi.orgکے علاو ہ فیس بک پیجیز artscouncilkhi،iamkarachiyouthfestival،iamkhi پر بھی دستیاب ہونگے جنہیں پر کر کے امیداوار14جولائی سے 31 جولائی تک صبح9سے شام 5بجے تک آرٹس کونسل کے دفتر میں جمع کرواسکتے ہیں۔

رجسٹریشن پر ہر امیدوار کو میں کراچی یوتھ فیسٹیول کی ٹی شرٹ بھی دی جائے گی۔انہوں نے یقین دلا یا کہ میں کراچییوتھ فیسٹیول کے لیے نامینیش جمع کروانے والے تمام امیدواروں کی رجسٹریشن اور سلیکشن کے عمل کو نہایت ہی شفاف رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سات روزہ میں کراچی یوتھ فیسٹیول کا اختتام 16اگست کو ہو گا جس میں کامیاب امیدواروں کو اسناد و انعامات تقسیم کئے جا ئیں گے۔

متعلقہ عنوان :